پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وسطی ضلع جھنگ میں صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 78 پر ضمنی انتخابات میں سخت مقابلے کے بعد اہلسنت والجماعت کے حمایت یافتہ امیدوار مولانا مسرور نواز جھنگوی 48563 ووٹ لیکر جیت گئے ہیں . مسلم لیگ ن کے امیدوار ناصر انصاری نے 35469 ووٹ حاصل کئے .
صوبائی اسمبلی کی اس نشست پر اہلسنت والجماعت کے حمایت یافتہ آزاد امید وار مولانا مسرور نواز جھنگوی ، پیپلز پارٹی کے سرفراز ربانی اور مسلم لیگ نواز ناصر انصاری سمیت 25 امیدوار میدان میں تھے ۔یہ نشست مسلم لیگ نواز سے تعلق رکھنے والی رکن راشدہ یعقوب کے نہ اہل ہونے کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔
صوبائی اسمبلی کے اسی حلقے سے اہلسنت و الجماعت کے سربراہ مولانا احمد لدھیانوی بھی امیدوار تھے. مولانا احمد لدھیانوی کو پی پی 78 میں الیکشن لڑنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے نااہل قرار دیا تھا تاہم الیکشن سے چند روز قبل لاہور ہائیکورٹ کے تین رکنی بینچ نے مولانا احمد لدھیانوی کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی، تاہم آخری وقت میں وہ مسرور جھنگوی کے حق میں دستبردار ہو گئے۔ مولانا محمد احمد لدھیانوی نے 2013 میں شیخ محمد اکرم کے خلاف قومی اسمبلی کا الیکشن بھی لڑا تھا جس میں وہ ناکام ہوئے تاہم بعد میں الیکشن ٹریبونل نے انہیں کامیاب قرار دیا تھا لیکن سپریم کورٹ نے الیکشن ٹریبیونل کے فیصلے کو مسترد کر دیا .
مسرور نواز جھنگوی سپاہ صحابہ کے بانی مولانا حق نواز جھنگوی کے چھوٹے بیٹے ہیں، ان کے والد حق نواز جھنگوی اور بڑے بھائی اظہار الحق جھنگوی فرقہ وارانہ وارداتوں میں قتل ہو چکے ہیں .
پی پی 78 میں کل ووٹوں کی تعداد 216562 ہے جن میں سے 118627 مرد اور 97935 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ حلقے میں پولنگ سٹیشن کی کل تعداد 171 ہیں اور تمام پولنگ سٹیشنوں حساس قرار دیا گیا تھا۔ صوبائی حلقے کے ضمنی انتخابات کے انعقاد کے دوران پولنگ سٹیشنوں پر رینجرز اہلکار تعینات تھے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سرفراز ربانی مسلم لیگ نواز کی جانب سے ناصر انصاری اور آزاد امیدوار مسرور جھنگوی کے درمیان سخت مقابلہ رہا ۔