میں تمہیں یاد نہیں رکھنا چاہتا

تمہین میں یاد ہی نہیں رکھنا چاہتا کیونکہ تمہارے وہ آنسو، وہ زخم، وہ درد، وہ سسکیاں، وہ خون میں لت پت کتابیں، وہ گولیوں سے چهنی کیا ہوا یونیفارم، تمہاری ماؤں کے دل سے نکلنے والی وہ درد بھری آہیں اور آنسو مجھے جینے نہیں دیتے ہاں ہاں مجھے جینے نہیں دیتے۔

مجھے اب بھی 16 دسمبر کی وہ تاریک رات یاد ہے جب ہم جیسے خود غرض، لاچار، پتهر دل اور جهوٹے آنسو بہانے والے لوگوں نے تمہارے غموں میں شرکت کو بس بلیک ڈے کے نام سے فیس بک پر بلیک ڈی پی لگانے کی حد تک محدود رکھا۔

مجھے اپنا حق مانگتے مانگتے قربان ہونے والی جامعہ حفصہ کی بیٹیاں بھی یاد ہیں، مجھے حلب میں رسوا ہوتی ہوئیں اپنی ماں بہنیں بھی یاد ہیں، ملک و قوم کی خدمت کرتے کرتے قربان ہونے والا ایدھی بھی یاد ہے، مجھے طیارہ سانحہ میں شہید ہونے والا اپنا مرحوم بھائی جنید بھی یاد ہے، مجھے قوم کی وہ بیٹی بھی یاد ہے جو اپنی رہائی کے لئے 5000 دن گوانتانا موبے میں پورے کر چکی ہے، مجھے وزیرستان میں شہید ہونے والا وہ معصوم بچہ بھی یاد ہے جس نے دوسروں کی زندگی بچانے کے لیے اپنی زندگی داؤ پر لگا دی۔ تو پھر میں کیسے اور کیوں کر اپنے وطن پر قربان ہونے والے ان ننھے منے پھول جیسے بچوں کی آہیں، درد اور آنسوؤں کو بھول سکتا ہوں۔

اے بچوں مجهے معاف کردینا۔ کیوں کہ میں تمہیں یاد نہیں رکھنا چاہتا، تمہارا غم مجھے کہیں کا نہیں رہنے دیتا، تمہاری آہیں میری وجود کو جھنجھوڑ دیتی ہے، تمہاری چیخیں میرے دلوں کو چیرتی ہوئی مجھ سے سوال کرتی ہیں اور مجهے اپنے عزیز دوست کے یہ اشعار کہنے پر مجبور کر دیتی ہیں؎

ترے دیوار و در پہ خوں کے منظر دیکھنے جاؤں
تجھے میں کس لیے شہرِ پشاور دیکھنے جاؤں؟

ہوئے تھے جن کے روشن حرف آئندہ زمانوں کے
بریدہ ظلم کی تیغوں سے وہ سر دیکھنے جاؤں

خبر کیا تھی جو سر پر ہے اتر جائے گی مقتل میں
لہو کے داغ ہیں جس پر, وہ چادر دیکھنے جاؤں

وہ جن سے چاند سی پیشانیوں پہ زخم آئے ہیں
میں دستِ سنگ باراں میں وہ پتھر دیکھنے کیسے جاؤں

ہمکتے, دوڑتے تھے جن میں طفلانِ شگفتہ رو
وہ خالی گودیاں, اجڑے ہوئے گھر دیکھنے جاؤں

برادر چُھٹ گیا جس سے, پدر نے کھو دیا جس کو
وہ خواہر دیکھنے جاؤں, وہ دختر دیکھنے جاؤں

گرے ہیں زخم کھا کھا کر, جو خاکِ ارضِ مکتب میں
نہ پہنچے لوٹ کر جو گھر وہ دلبر دیکھنے جاؤں

علَم نوزادگاں کے قتل پر اونچے کیے جس نے
میں اس ظالم کا, اس قاتل کا لشکر دیکھنے جاؤں

لہو جس نے کیے آموزگانِ حرف کے سینے
وہ نیزہ دیکھنے جاؤں, وہ خنجر دیکھنے جاؤں

جو زندہ بچ گئے مقتل میں ظالم کی سنانوں سے
میں ان کی آنکھ میں اب موت کا ڈر دیکھنے جاؤں

جو اڑنے کے لیے پر تولنے والا تھا شانوں پر
میں اس طائر کے اب ٹوٹے ہوئے پر دیکھنے جاؤں

وہ جو بغداد میں برپا ہے کابل میں کراچی میں
وہی ہنگامہ ء خوں اِس زمیں پر دیکھنے جاؤں

جنہیں رکھا گیا تھا ظلم کے زندانِ ظلمت میں
انہیں, جاؤں تو, مثلِ ماہ و اختر دیکھنے جاؤ

جو حق بولیں جو حق سمجھیں،جو حق پر جان دیں اپنی
بہادر کربلا جیسے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بہتّر دیکھنے جاؤں

تجھے میں کس لیے شہرِ پشاور دیکھنے جاؤں
تجھے میں کس لیے شہرِ پشاور دیکھنے جاؤں

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے