فلسطین کے صدر محمود عباس پیر کے روز پاکستان کے تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ اس دورے کے دوران صدر عباس اور پاکستانی وزیراعظم نواز شریف اسلام آباد میں فلسطینی سفارت خانے کا افتتاح بھی کریں گے۔
یہ تیسری مرتبہ ہے جب صدر محمود عباس پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ اس سے قبل وہ 2005 اور 2013 میں کا دورہ کر چکے ہیں۔ حکومتِ پاکستان نے فلسطینی سفارت خانے کی تعمیر کے لیے اراضی 1992 میں مختص کی تھی۔
اس دورے کے دوران فلسطینی وفد صدرِ پاکستان سمیت دیگر پاکستانی رہنمائوں کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال بھی کریں گے۔پاکستان کے دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق صدر محمود عباس کے ہمراہ اس دورے پر پانچ وزرا سمیت 17 اراکین بھی آئیں گے۔
پاکستان میں فلسطینی سفیر ولید ابو علی نے کہا ہے کہ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کی حمایت اور سفارتخانے کی عمارت کی تعمیر کے لیے تعاون پر پاکستان کے شکرگزار ہیں۔ پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے پاکستان کا کردار اہم ہے۔