سرکاری ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کی کاروائی میں عسکریت پسندوں کے زیر استعمال چار ٹھکانوں کو بھی تباہ کیا گیا ہے
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں سکیورٹی فورسز کی ایک کاروائی میں چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد عسکریت پسند تھے جو کہ فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے۔
ذرائع کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے پشنی میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع تھی جس پر فرنٹیئر کور اور حساس ادارے نے مشترکہ کاروائی کی۔
اس کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں چار عسکریت پسند ہلاک ہوگئے اور تین کو گرفتار کیا گیا۔
آزاد ذرائع سے تاحال مارے جانے والے افراد کی فائرنگ کے تبادلے میں ہلاکت اور کسی عسکریت پسند تنظیم سے تعلق کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کی کاروائی میں عسکریت پسندوں کے زیر استعمال چار ٹھکانوں کو بھی تباہ کیا گیا ہے۔
ان ذرائع کے مطابق ہلاک اور گرفتار افراد سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور سکیورٹی فورسز پر حملوں کے علاوہ دیگر جرائم میں ملوث تھے۔
ان ذرائع نے عسکریت پسندوں کے زیر استعمال ٹھکانوں سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
دوسری جانب قوم پرست جماعت بلوچ ریپبلیکن پارٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ ڈیرہ بگٹی کے علاقے سنگسیلہ اور گوڑی میں سیکورٹی فورسز نے مختلف علاقوں کو گھیرے میں لیکر شیلنگ کی۔
مقامی میڈیا کو جاری کیے جانے والے ایک بیان کے مطابق پارٹی نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اس شیلنگ کے دوران دو افراد ہلاک ہوگئے جبکہ دس افراد کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔