اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان تادامشی یاماموتو نے وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی سے ملاقات کی، جس کے دوران افغانستان کی صورتحال اور ملک میں طویل المدتی امن و استحکام کے فروغ کے حوالے سے کوششیں زیر غور آئیں۔
افغانستان میں قیام امن کی پاکستانی خواہش پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغان حکومت سے مضبوط روابط قائم کرنے اور متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے سمیت دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں۔
طارق فاطمی نے مؤثر بارڈر مینیجمنٹ کے پاکستانی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں افغانستان کی جانب سے تعاون کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے افغانستان میں امن اور استحکام کے قیام کے لیے سیاسی سمجھوتے کو بہترین آپشن قرار دیا جس کے لیے چار فریقی رابطہ گروپ (کیو سی جی) ایک بہترین پلیٹ فورم ثابت ہوا ہے۔
افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی نمائندے تادامشی یاماموتو نے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔
انہوں نے وزیراعظم کے معاون خصوصی کو اقوام متحدہ کی جانب سے افغانستان میں امن اور ترقی کے لیے کی گئی مختلف سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا۔