امریکی ڈرون حملہ: ‘پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی’

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کےسربراہ عمران خان نے گذشتہ روز کرم ایجنسی میں ہونے والے امریکی ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی حقوق اور ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ امریکی ڈرون حملہ نہ صرف انسانی حقوق اور پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس کے نتائج بھی توقع کے برعکس ملیں گے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے فاٹا کی کرم ایجنسی میں ڈرون حملے کے نتیجے میں 2 مشتبہ عسکریت پسند ہلاک ہوئے تھے۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا تھا کہ لوئر کرم ایجنسی کے علاقے سرہ غوڑگا میں ایک امریکی ڈرون طیارے نے موٹر سائیکل کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار 2 مبینہ طالبان عسکریت پسند جاں بحق ہوگئے، جن کی شناخت افغان طالبان کمانڈر قاری عبداللہ اور شاکر کے نام سے ہوئی تھی۔

ڈرون حملہ اُسی جگہ پر کیا گیا جہاں گذشتہ برس دسمبر میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کرم ایجنسی کے امیر کی تدفین ہوئی تھی، جنھیں ان کے اپنے ہی گارڈ نے ہلاک کیا تھا۔

رواں برس یہ امریکا کی جانب سے پاکستان میں کیا گیا پہلا ڈرون حملہ تھا، اس سے قبل گذشتہ برس مئی میں ایک امریکی ڈرون طیارے نے افغان طالبان کے امیر ملا اختر منصور کو نشانہ بنانے کے لیے بلوچستان میں ڈرون حملہ کیا تھا، جسے پاکستان نے ‘ریڈ لائن’ کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔

دوسری جانب دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے ڈان سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ‘حکومت زمینی حقائق کا جائزہ لے رہی ہے’۔

2013 میں پاکستان میں نئی حکومت کے قیام کے بعد سے امریکا کی جانب سے ڈرون حملے متواتر کم ہونا شروع ہوئے۔

2013 میں 24 حملے کیے گئے جبکہ اس سے ایک سال قبل 2012 میں امریکا کی جانب سے 46 حملے ہوئے تھے، اسی طرح 2014 میں ان میں مزید کمی آئی اور یہ تعداد 19 ہو گئی، 2015 میں 14 جبکہ 2016 میں صرف 3 حملے کیے گئے۔

2017 میں ابتدائی دو ماہ میں کوئی بھی ڈرون حملہ نہیں کیا گیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے