پاراچنار دھماکا: شہریوں کا دھرنا ختم، شہدا کی تدفین

کرم ایجنسی میں ہونے والے دھماکے کے بعد پاراچنار میں جاری شہریوں کا دھرنا کامیاب مذاکرات کے بعد ختم ہوگیا ، واقعے کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے ملتان ، ٹنڈو محمد خان اور مظفرآباد میں بھی احتجاج کیا گیا ۔

پاراچنار میں امام بارگاہ کے باہر ہونے والے دھماکے کےخلاف شہریوں نے شہداکی لاشیں اٹھاکر شہید پارک میں دھرنا دیا اور واقعے میں ملوث افراد کےخلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ۔

جس کے بعد قبائلی عمائدین اور پولیٹیکل انتظامیہ کے درمیان دو گھنٹے تک جاری رہنے والے کامیاب مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کردیا گیا ، مذاکرات میں قبائلی عمائدین ، علمائے اکرام اور فورسز کے افسران شامل تھے ۔

مذاکرات کے بعد علامہ فدا مظاہری اور علامہ الطاف حسین نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے اُن کا مطالبہ مان لیا ہے ، جس کے بعد چیک پوسٹوں پر کرم ملائشیا کے مقامی نوجوانوں کو تعینات کیا جائے گا اور فائرنگ میں ملوث ایف سی اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔

اس اعلان کے بعد احتجاجی مظاہرین نے دھرنا ختم کرتے ہوئے شہداء کے جنازے اُٹھا کر مرکزی امام بارگاہ لائے ، جہاں شہداء کی نماز جنازہ ادا کی گئی ، جس کے بعد شہداء کی انکے آبائی علاقوں میں تدفین کردی گئی ۔

پاراچنار بم دھماکے میں 24 افراد جاں بحق اور 90 سے زائد زخمی ہوئے تھے ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے