کراچی: بینکوں اور دکانوں کے بعد شہر قائد میں اب ڈکیتی کا ایک نیا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں صومالیہ کے اعزازی قونصل خانے کو مسلح ملزمان نے لوٹ لیا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ساؤتھ ثاقب اسماعیل میمن کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن بلاک 5 میں واقع صومالیہ کے اعزازی قونصل خانے میں گذشتہ رات 7 مسلح ملزمان داخل ہوئے اور انھوں نے سیکیورٹی گارڈ کو یرغمال بنا کر واردارت کی۔
اعزازی قونصلر سیف الرحمٰن کے مطابق ملزمان 7 ہزار روپے کیش، 2 لیپ ٹاپس، 2 موبائل فون اور ڈی وی آر بھی ساتھ لے گئے۔
دوسری جانب پولیس نے شواہد جمع کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا، اس سلسلے میں سی سی ٹی وی کیمرہ کی فوٹیج کی مدد بھی لی جارہی ہے۔
واقعے کے بعد آئی جی سندھ نے ڈی آئی جی ساؤتھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔