وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ نیب کرپٹ اور ملکی خزانہ لوٹنے والوں کا احتساب کرنے میں ناکام رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ایک بیان میں کہا کہ کرپشن سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے اور واضح عدالتی احکامات کے باوجود کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی نہ ہونے کی مثالیں موجود ہیں لہٰذا احتساب کا کڑا نظام وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیب کرپٹ اور ملکی خزانہ لوٹنے والوں کا احتساب کرنے میں ناکام رہا ہے، نیب کا دائرہ کار اعلیٰ عدلیہ اور فوج تک وسیع کرنے کے بجائے دیانتداری سے کام کرنے کی ضرورت ہے، عدلیہ اور فوج میں احتساب کے لیے اپنا نظام اور طریقہ کار موجود ہے۔
شہبازشریف نے مزید کہا کہ نیب میں اصلاحات اور کارکردگی بہتربنانے کی ضرورت ہے، نیب کواپنا کام دیانتداری اور پسند نا پسند سے بالاتر ہوکر کرنا چاہیے جب کہ نیب دائرہ کار پر سیاستی جماعتوں کے قول و فعل میں تضاد قابل افسوس ہے۔