حکومت ،فوج اور عدلیہ میں فرق نہیں، وزیرداخلہ ،شہید کیپٹن کے اہلخانہ سے تعزیت جس قوم میں حسنین جیسے بہادر ہوں اسے کوئی شکست نہیں دے سکتا ،گفتگو
ننکانہ صاحب(خبرنگار،آئی این پی)وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال ننکانہ صاحب میں شہید کیپٹن حسنین کے گھر پہنچ گئے ۔شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا پاک فوج کے افسر اور جوان کسی خطرے سے نہیں گھبراتے ، شہید کیپٹن حسنین ایف سی کے بہادر افسر تھے ۔ جس قوم میں حسنین جیسے بہادر ہوں اسے کوئی شکست نہیں دے سکتا ۔پاک فوج کی پشت پر حکومت اور حکومت کی پشت پر فوج کھڑی ہے ۔حکومت اور پاک فوج ایک جسم ہیں جس میں کوئی دراڑ نہیں، یہ دشمن کی چال ہے کہ بداعتمادیاں پیداکی جائیں، ہم پاکستان کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی جنگ لڑرہے ہیں۔ پاکستانی قوم کے جذبوں کو کوئی شکست نہیں دے سکتا، دہشتگردوں کو مکمل طور پر شکست دیں گے ۔ حکومت ،فوج اور عدلیہ میں بال برابربھی فرق نہیں، ہر ادارہ اپنے دائرے میں کام کرے تو ملک ترقی کریگا، پاکستان کی حالت ایسی ہے کہ آپ یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ آدھا گلاس خالی ہے اور یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ آدھا گلاس بھرا ہوا ہے ، فوج کی وضاحت کے بعد بات ختم ہو گئی ۔ پاکستان کے تمام ادارے ملک کو مضبوط بنانے کیلئے اپنا کام کررہے ہیں، میرا بیان فوج کیخلاف نہیں تھا، شہدا کے خون سے ملک امن کا گہوارا بنے گا، فوج ہمارے ماتھے کا جھومر ہے ، گزشتہ دنوں اشتراک سے پاک فوج نے آپریشن کیا تو ساری دنیا نے اس آپریشن کی تعریف کی، ایسا پاکستان بنانا ہے جس میں تمام مذاہب کے لوگ امن کے ساتھ رہ سکیں، 2025 تک پاکستان کو دنیا کی 25 بڑی معیشتوں میں شامل کردینگے ، دہشتگردی کیساتھ ساتھ معیشت کو مضبوط بنانے کی بھی جنگ لڑرہے ہیں، ہمیں دنیا کے سامنے پاکستان کے مثبت پہلو ابھارنے ہیں۔ دہشتگردی کو مکمل شکست دینے تک ہماری جنگ جاری رہے گی، ہم نے پاکستان کو قائداعظم کا پاکستان بنانا ہے ،جہاں سب پیار اور امن سے رہ سکیں۔ وفاقی وزیر نے شہید کے چھوٹے بھائی کے لئے سرکاری نوکری کابھی اعلان کیا ۔