لاہور: جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ نواز شریف کو جمہوریت اور خود میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہو گا۔
لاہور میں جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے وحدت روڈ گراؤنڈ میں ورکرز کنونشن کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ این اے 120 میں توقع سے کم ووٹ ملے جس پر پارٹی کو تشویش ہے تاہم عزم نو کنونشن سے کارکنوں میں نیا جذبہ پیدا ہو گا۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک میں سیاسی بحران پیدا ہوگیا ہے جبکہ نواز شریف کو خود اور جمہوریت میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہو گا، شہباز شریف اور چوہدری نثار نے نواز شریف کی ٹکراؤ کی سیاست کے غبارے سے ہوا نکال دی ہے، صرف ایک خاندان کا حساب نہیں ہونا چاہیے، بلکہ 60 دن میں جے آئی ٹی بنا کر سب کا احتساب ہونا چاہیے۔
جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ عقیدہ ختم نبوت پر حملہ ناقابل قبول ہے، 2018 کا الیکشن وقت پر ہونا چاہیے اور ووٹرز کے لیے بھی حلف نامہ ہونا چاہیے۔