نیب ریفرنسزمیں فرد جرم عائد کیےجانےکی کارروائی کے خلاف نواز شریف کی درخواست پر وفاق کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے، چارج شیٹ کی مصدقہ نقل بھی طلب کرلی گئی ہے۔
نواز شریف نے اپنے نمائندے ظافرخان کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں 3 درخواستیں دائرکی تھیں جن میں احتساب عدالت کا 19 اکتوبر کاحکم نامہ کالعدم قرار ددینے اور تینوں ریفرنسزیکجا کرکےایک فرد جرم کا حکم دینے کی درخواست کی گئی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے میاں نوازشریف کی درخواست سماعت کے لیے آج ہی مقرر کی، جس پر جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے سماعت کی۔
کیس کی سماعت پر نوازشریف کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ یہ عام کیس نہیں جسے مشین میں رکھ کر چلانا ہے، اس پر جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ فرد جرم عائدہو چکی ہے تو چارج شیٹ ہمارےسامنے رکھیں۔
عدالت نے کیس کی مختصر سماعت کے بعد وفاق کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا جب کہ کیس کی مزید سماعت 2 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے چارج شیٹ کی مصدقہ نقل بھی طلب کر لی ہے۔
واضح رہے کہ نیب نے پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان کے خلاف تین الگ الگ ریفرنس دائر کیے تھے جب کہ نوازشریف تینوں ریفرنسز کو یکجا کرنے کے لیے سپریم کورٹ میں پہلے ہی درخواست دائر کرچکے ہیں۔