کلر سیداں: سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) میں اختلاف رائے ضرور ہے لیکن کوئی دھڑے بندی نہیں۔
کلر سیداں میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے جو اس وقت مسائل اور مشکلات کا شکار ہے لیکن پارٹی ان مشکلات سے نبردآزما ہو گی اور آئندہ الیکشن میں مکمل طور پر متحد ہو گی۔
چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) میں کوئی فارورڈ بلاک نہ ہے اور نہ ہی بنے گا، البتہ اختلاف رائے ضرور ہے جو جمہوریت کی روح ہے، فاروڈ بلاک کی باتیں وہ لوگ کر رہے ہیں جو (ن) لیگ کے ہمدرد نہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے نزدیک مال و دولت کی نہیں بلکہ کردارکی وقعت ہوتی ہے، عہدے اور حکومتیں آنی جانی چیزیں ہیں لیکن کوشش کرتا ہوں ایسا کام نہ کروں جس سے میرے کردار پر کوئی انگلی اٹھاسکے جب کہ 2018 الیکشن کے بعد میں کس پوزیشن میں کھڑا ہوں گا یہ الیکشن کے بعد معلوم ہو گا۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی حکومت کا بھارت سے دوستیاں بڑھانا اچھا نہیں لگتا، اسلام اور پاکستان دشمن سے خیر کی توقع خود کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے، ہمیں مودی کے دور حکومت میں پاکستان میں خیر کی توقع نہیں رکھنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خطرات اندرونی ہوں یا بیرونی، قوم کو متحد ہونا چاہیے، پاکستان کےحالات میں وقتی طور پر ٹھہراؤ ضرور آیا ہے لیکن خلاف خطرات کم نہیں ہوئے۔