وزیر خارجہ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف کے درمیان رابطہ کرانے میں ناکام رہا۔
وزیر خارجہ خواجہ آصف نے نجی چینل کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے مزید کہا کہ آصف زرداری کو کئی فون کیے پرجواب نہیں ملا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آصف زرداری کو پانچ سات دن تک فون کیے اور پیغامات بھی چھوڑے ،ان کے اے ڈی سی کے پاس پیغام بھی چھوڑا، مگر انہوں نے جوابی کال ہی نہیں کی۔
خواجہ آصف کا یہ بھی کہنا ہے کہ آصف زرداری کی جانب سے ایڈووکیٹ فاروق نائیک کو نواز شریف کا مقدمہ لڑنے سے بھی روک دیا گیا۔
وزیر خارجہ نے پیپلز پارٹی رہنما کی ممکنہ ناراضی کا امکان تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ شاید آصف زرداری کو جو شکایات ہیں ان میں سے کچھ جائز بھی ہوں، تاہم ان پر بات ہوسکتی ہے۔
خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ آصف علی زرداری رابطے میں رہنے والے آدمی ہیں، مگر اس بار انہوں نے رابطہ نہ رکھنے کا آپشن منتخب کیا ہے۔
وزیر خارجہ خواجہ آصف کا تفصیلی انٹرویو آج رات 8بج کر 5منٹ پر جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں نشر کیا جائے گا۔