لاہور: پیپلزپارٹی کے شریک چئیرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ نوازشریف اپنی ذات اور خاندان کے لئے ملکی سلامتی کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔
لاہور میں پارٹی رہنماؤں سے بات کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ جس ملک کے ریاستی ادارے تباہ ہوجائیں وہ ملک خانہ جنگی کا شکار ہوجاتا ہے اور اس کا حال افغانستان، عراق اور لیبیا جیسا ہوجاتا ہے، نوازشریف بھی ملکی اداروں کے ساتھ تصادم کا خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں اور پاکستان کو اس طرف لے جارہے ہیں جہاں ملک کسی سے بھی سنبھل نہی پائے گا۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ نوازشریف پارلیمنٹ اور عدلیہ سمیت تمام اداروں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں اور اپنی ذات اور خاندان کی خاطر ملکی سلامتی کو داؤ پر لگار ہے ہیں وہ خود تو ملک تباہ کرکے ماضی کی طرح بیرون ملک بھاگ جائیں گے لیکن ہم نے پاکستان میں ہی رہنا ہے ہم نوازشریف کو ملک کے ساتھ یہ کھیل کھیلنے نہیں دیں گے۔