احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی حاضری سے استثنا کی درخواست قبول کرلی ۔
عدالت کی جانب سے نواز شریف کو ایک ہفتے ، جبکہ مریم نواز کو حاضری سے ایک ماہ کا استثنا مل گیا ہے ۔واضح رہے کہ نوازشریف اور مریم نواز نے 20 نومبر سے استثنا کی درخواست کی تھی۔
اس سے قبل آج احتساب عدالت میں سماعت کے موقع پر نواز شریف اور مریم نواز نے عدالت میں حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کر تے ہوئے نمائندہ مقرر کرنے کی استدعا کی تھی ۔
نوازشریف نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان کی اہلیہ بیمار ہیں، لندن میں کینسر کا علاج چل رہا ہے، 20 نومبر سے ایک ہفتے کے لیے حاضری سے استثنا دیا جائے۔
درخواست میں کہا گیا تھا کہ نواز شریف کی غیر حاضری میں ان کے نمائندے ظافر خان پیش ہوں گے جبکہ مریم نواز نے اپنی غیر حاضری میں جہانگیر جدون کو نمائندہ مقرر کرنے کی درخواست دی تھی۔