پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان كی سابق اہلیہ ریحام خان کا کہنا ہے کہ عمران خان كے گھر سے نكلنے كے بعد میں نے اپنا وقت فلاحی كاموں كے لئے وقف كردیا۔
پشاور میں یتیم بچوں كے ادارے آغوش میں منعقدہ تقریب كے بعد صحافیوں سے بات كرتے ہوئے ریحام خان نے كہا كہ عمران خان كے گھر سے نكلنے كے بعد میں نے اپنا وقت فلاحی كاموں كے لئے وقف كردیا ہے، خیبرپختونخوا حكومت ووٹ بینک كے دباؤ كی وجہ سے وومن پروٹیكشن بل پاس نہیں كرواسكی جس کے باعث تشدد كے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ صوبے میں بچے غیرمحفوظ ہیں اور تعلیم كی كمی ہے۔ انہوں نے كہا كہ ڈیرہ اسماعیل خان میں شریفاں بی بی كے ساتھ پیش آنے والا واقعہ افسوسناک ہے، وزیراعلیٰ كو فوری طور پر نوٹس لینا چاہئے تھا تاہم 3 ہفتے گزرنے كے باوجود كوئی كارروائی نہیں ہوئی، ابھی تک مركزی ملزم اور ویڈیو بنانے والا شخص گرفتار نہیں ہوا۔
ریحام خان کا کہنا تھا کہ كرپشن، اثانے چھپانے اور ٹیكس نہ دینے والے تمام افراد كے خلاف یكساں كارروائی ہونی چاہئے، كرپشن كا خاتمہ كرنا ہے تو خیبرپختونخوا میں بھی احتساب كمیشن فعال ہونا چاہئے۔