پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ملک میں جمہوریت پیپلزپارٹی کی وجہ سے ہے، ایٹمی طاقت بننے کی وجہ بھی پیپلزپارٹی ہے۔
اسلام آباد میں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی نے کہا کہ جیالے جمہوریت کا لبادہ اوڑھے آمریت کی باقیات کو سیاسی منظر سے ہٹادیں گے، جمہوریت کا دعویٰ کرنے والی جماعتیں صرف اقتدار کے لئے لڑرہی ہیں جبکہ پیپلزپارٹی آج بھی جمہوریت کی لڑائی لڑ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت پیپلز پارٹی کی قیادت اورکارکنوں کی قربانیوں سے آئی، ملک کی دیگر جماعتوں کا کچھ بھی داؤ پرنہیں لگا اور جمہوریت میں ہمارا خون شامل ہے اسے ہمیں ہی بچانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ چند روز میں ملک میں جو کچھ ہوا اس میں ریاست کو گھٹنے ٹیکتے ہوئے دیکھا، معاملے میں شریک تمام قوتوں سے مطالبہ کرتے ہیں جمہوریت کو چلنے دیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ جو لیڈربڑے دعوے کررہے ہیں انہیں تو جمہوریت کی ’جیم‘ تک کا نہیں پتا، وہ لیڈرجو پارلیمنٹ بھی نہیں آتے وہ کیسے جمہوری کہلا سکتے ہیں اور ایسے لیڈرپارلیمنٹ میں نہ آکرعوام اورجمہوریت کو بے توقیر کر رہے ہیں۔
بلاول بھٹوزرداری نے دعوی کیا کہ ملک کا کم عمر وزیراعظم بھی پیپلزپارٹی کا ہوگا، موجودہ صورتحال سے کوئی صاف ستھرا نہیں نکلا، چاہتے ہیں حکومت مدت مکمل کرےاور انتخابات وقت پر ہوں۔
پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کی تقریبات کے حوالے سے بلاول بھٹو نے تقریبات پورے سال جاری رہنے کا اعلان کیا۔