اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سابق صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی ہے جس کے بعد ان کے دوبارہ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے امکانات مزید واضح ہوگئے ہیں۔
پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں سابق وزیراعظم نوازشریف سے سابق رہنما مسلم لیگ (ن) جاوید ہاشمی نے ملاقات کی۔ نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے جاوید ہاشمی کا استقبال کیا اور انہیں گھر واپس آنے پر خوش آمدید کہا۔ ملاقات میں وفاقی داخلہ احسن اقبال، وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق، سینیٹر پرویزرشید اور وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری بھی موجود تھے۔
نوازشریف اور جاوید ہاشمی کی ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ جاوید ہاشمی نے بیگم کلثوم نواز کی طبیعت دریافت کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے دسمبر 2011 میں اپنی جماعت مسلم لیگ (ن) کو خیر باد کہہ کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی تھی تاہم پی ٹی آئی میں بھی وہ زیادہ عرصہ نہ رہ سکے اور عمران خان کی جانب سے انتخابات 2013 میں دھاندلی کے خلاف دیئے گئے دھرنوں سے اختلاقات کے باعث تحریک انصاف کے ساتھ نہ چلنے کا فیصلہ کیا اور اب جاوید ہاشمی کی مسلم لیگ (ن) میں دوبارہ شمولیت کا امکان ہے۔