قومی اسمبلی کا اجلاس آج ایک مرتبہ پھر کورم پورا نہ ہونے کی نشاندہی پر ملتوی کردیا گیا۔اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیرصدارت اجلاس کے دوران مجموعی طور پر 30 ارکان ایوان میں موجود تھے۔
اجلاس کے دوران 16 حکومتی اور 14 اپوزیشن کے ارکان ایوان میں تھے جب کہ وفاقی کابینہ میں سے صرف وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ شریک تھے۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن سید نوید قمر نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا اصلاحات کا بل اسمبلی کے ایجنڈے سے نکال کر حکومت نے پارلیمنٹ کی توہین کی اور اس اقدام کے خلاف آج بھی واک آؤٹ کریں گے۔
اسپیکر اسمبلی نے اپوزیشن کو واک آؤٹ نہ کرنے کا کہا تاہم اپوزیشن ارکان ایوان سے اٹھ کر چلے گئے جس پر فاٹا سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی شاہد گل آفریدی نے کورم پورا نہ ہونے کی نشاندہی کی جس پر اجلاس ملتوی کردیا گیا۔