ملتان: پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو اللہ نے نکالا اور وسیلہ جج بنے جب کہ اسپیکر صاحب آپ کی حکومت جا رہی ہے۔
ملتان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ نوازشریف پوچھتے پھرتے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا، میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ فرعونیت سے آگے کوئی جگہ نہیں تھی، ہر چیز کی ایک انتہا ہے اور آپ انتہا کی عروج پر تھے، آپ کو اللہ نے نکالا اور وسیلہ جج بنے جب کہ اسپیکر صاحب آپ کی حکومت بھی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہمیں اقتدار ملا تو پرویز مشرف ان کے سینوں پر بیٹھا تھا، پرویزمشرف کو لانے والے بھی نوازشریف ہی تھے جب کہ ہم نےعوام کی طاقت سے پرویزمشرف کو مکھن سے بال کی طرح نکالا تاکہ ملک کو کچھ نہ ہو۔
آصف زرداری کا پاک چائنہ اقتصادی راہداری کے حوالے سے کہنا تھا کہ ان لوگوں کو سی پیک کی تعریف بھی نہیں آتی، انہوں نے سی پیک کو قرضے لینے کی ایجنسی سمجھ رکھا ہے، کوئی ان سے خوش نہیں صرف ان کے4 ، 5 لوگ ہی خوش ہیں۔