اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ عدالتوں کے فیصلے بولتے ہیں اور منصف خود نہیں۔
پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں پارٹی کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ عدالتوں کے فیصلے بولتے ہیں، منصف خود نہیں، انصاف کا معیار سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہمارے خلاف انتقامی کارروائی ہو رہی ہے، میں ہر سازش کا مقابلہ کروں گا‘۔
[pullquote]سابق وزیراعظم کی عمران خان پر کڑی تنقید[/pullquote]
اس سے قبل اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے عمران خان کو ہدف تنقید بنایا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان جس تھالی میں کھاتا ہے اسی میں چھید کرتا ہے، ایک خاندان کی عزت و ناموس اور اس کی حرمت کو داؤ پر لگا کر خود چھپ کر پردے کے پیچھے بیٹھ گیا، اب وہ وہ خاندان اور اس کے بچے وضاحتیں پیش کررہے ہیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کتنے دکھ کی بات ہے توپوں کے سامنے اس خاندان کو اور بچوں کو بٹھادیا خود چھپ گیا، اگر ایسی کوئی حرکت کی ہے تو آؤ اور کھل کر قوم کو بیان کرو اور خود بتاؤ، ان کے بچوں کو سامنے کردیا اور بزدلوں کی طرح چھپ کر بیٹھ گئے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی بشریٰ مانیکا سے شادی کی خبریں سرگرم ہیں تاہم اس حوالے سے تحریک انصاف نے شادی کی تردید کی ہے۔
سابق وزیراعظم سے صحافی نے سوال کیا آپ 17 تاریخ سے نئی تحریک کاسامنا کرنےکو تیارہیں؟ اس پر نوازشریف نے جواب دیا کہ ساڑھے چار سال سے انہی تحریکوں کاسامنا ہے، اب یہ تحریکیں معمول کی بات ہیں۔