ملتان میں وہاڑی چوک پر دھماکے سے 11 افراد جاں بحق اور 50 زخمی ہوگئے۔ دھماکا شام سوا سات بجے کے قریب ہوا۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔
دھماکے سے 5 رکشے، ایک کار، ایک موٹر سائیکل اور 2 دکانیں تباہ ہوگئیں اور رکشوں میں آگ لگ گئی۔ مسافروں کے بیگ اور دیگر سامان بکھر گیا۔ دھماکے کے بعد افراتفری پھیل گئی، ہر طرف چیخ و پکار تھی اور لوگ مدد کے لئے پکار رہے تھے۔
پولیس،بم ڈسپوزل اسکواڈ، ریسکیو اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہل کار موقع پر پہنچ گئے، نشتر اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، زخمیوں اور لاشوں کو فوری طور پر نشتر اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہل کاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ دھماکے کی نوعیت معلوم کررہا ہے۔
ڈی پی او زاہد گوندل کا کہنا ہے کہ موقع سے ملنے والی ایک لاش مشکوک ہے۔سی پی او اظہر اکرام نےبتایا کہ دھماکا سیلنڈر کا نہیں بارودی مواد پھٹنے سے ہواہے ۔