ن لیگ کے پاس عوامی ایشو نہیں، نوازشریف کی صحت پر سیاست کررہی ہے: فواد چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے پاس کوئی عوامی ایشو نہیں، اس لئے اب نوازشریف کی صحت پر سیاست کررہے ہیں ۔

جہلم میں جلسہ عام سے خطاب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جہلم کے لوگ اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر سرحد کی حفاظت کرتے ہیں اور جہلم نے وطن کی حفاظت کیلئے نامور سپوت پیدا کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج بھارت کا پوری دنیا میں مذاق اڑایا گیا، بھارت کہتا تھا ہم گھس کر ماریں گے اور گھس کر دیکھا تو کیا ہوا؟

ان کا کہنا ہے کہ آج کسی کو پاکستان کے اندر گھسنے کی جرات نہیں ہوسکتی اور گھس کر مارنے کی دھمکمی دینے والوں کو بتادیا یہ تمہاری خام خیالی ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کی اور عمران خان نے بھارت کو کہا تھا کہ آپ امن کیلئے ایک قدم بڑھیں ہم دو بڑھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج امریکا کا میڈیا کہہ رہا ہے کہ عمران خان کو امن کا نوبیل انعام ملنا چاہیے، پاکستان کے وزیراعظم کو عزت ملنا ملک کے عوام کو عزت ملنا ہے لیکن کچھ لوگ اسمبلیوں میں کھڑے ہوکر مذاق اڑاتے ہیں، ان کو تو اداروں کا بھی احترام نہیں، خورشید شاہ کو نواز شریف کی فکر نہیں بلکہ اپنے جیل جانے کی فکر ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ یہ کہتے ہیں نوازشریف کو کچھ ہوا تو ایف آئی آر عمران خان پر کٹے گی، تحریک انصاف کی اپوزیشن سے کوئی لڑائی نہیں یہ عوام کے پیسے کا حساب دیں، ہم کہتے ہیں نہ رو تو یہ کہتے ہیں این آر او۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے اسمبلی میں کبھی عوامی ایشو پر آواز نہیں اٹھائی، جب بھی اجلاس ہوتا ہے ایسا لگتا ہے کہ نیب کا بورڈ آف گورنر بیٹھ گیا ہے، اگر ہم نے ان کو ریلیف دیا تو پھر عوام کا ہاتھ اور ہمارا گریبان ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس میں پارٹی کا کوئی تعلق نہیں یہ حساب ہورہا ہے، یہ حساب ہونا اہم ہے کسی طور حساب سے نہیں بھاگا جاسکتا۔

فواد چوہدری کے مطابق نوازشریف بیمار ہیں، وزیراعظم نے پوچھا کس ڈاکٹر کے پاس جانا ہے؟ آپ باہر سے ڈاکٹر بلالیں ہم اس کیلئے بھی تیار ہیں لیکن یہ کیا بات ہوئی کہ ڈاکٹر نہیں بلانا مجھے علاج کیلئے لندن جانا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے پاس کوئی عوامی ایشو نہیں، اس لئے اب نوازشریف کی صحت پر سیاست کررہے ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان نے عمران خان کی قیادت میں ترقی کا سفر شروع کیا اور ان کی قیادت میں معیشت، تعلیم اور صحت کو بھی بہتر کریں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے