اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں آن لائن ویزا کا اجراء کر دیا۔
وزیراعظم عمران خان کا آن لائن ویزا کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج پاکستان امن کے راستے پر نکل پڑا ہے، ملک کو دوسروں کے لیے کھولنے کے لیے نئے پاکستان کا یہ پہلا قدم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایک مائنڈ سیٹ تھا کہ ویزا کا اجراء اتنا مشکل بنا دو کہ کوئی آئے ہی نہیں۔
نئی ویزا پالیسی کے تحت 55 ملکوں کے شہریوں کو آن ارائیول ویزا آج سے جاری ہو سکے گا۔ برطانیہ، چین، ترکی، ملائشیا اور متحدہ عرب امارات کے شہری ای میل کے ذریعے صرف 8 ڈالر فیس دے کر ویزا حاصل کر سکیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ 60 کی دہائی میں پاکستان میں بہت پراعتماد تھا اور ملک بہت تیزی سے اوپر جا رہا تھا، یہ وہ وقت تھا جب پاکستانی وزیراعظم کو امریکی وزیراعظم نے خود ایئرپورٹ پر خوش آمدید کہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 70 کی دہائی میں ہمارا مائنڈ سیٹ تبدیل کیا گیا اور پیسا بنانے کو گناہ سمجھا گیا، اس مائنڈ سیٹ کو تبدیل کرنا بہت ضروری ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے سرمایہ کاری کے لیے ساز گار ماحول فراہم کرنا ہے اور آن لائن ویزا کے اجراء کا مقصد ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ برطانیہ سے میرے دوست پاکستان کے شمالی علاقات کی سیر کے لیے آتے تھے، پاکستان کے شمالی علاقات سوئٹزرلینڈ سے دو گنا ہیں، لوگ جب آئیں گے تو یہاں سے متاثر ہوں گے اور سرمایہ کاری کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہنزہ، دیر اور گلگت بہترین سیاحی مقامات ہیں، سیاحت کی ٹاسک فورس سیاحت کے حوالے سے نئے علاقوں کو تلاش کر رہی ہے، سیاحت کے حوالے سے ویب سائٹ بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ناردن علاقوں میں لوگوں کو سستے قرضےدیں گے تاکہ وہ اپنے گھر کے ساتھ سیاحوں کے لیے بھی کوئی کمرہ بنا لیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملائیشیا کی 22 ارب ڈالر کی سیاحت ہے، جو صرف ساحل پر مبنی ہے جب کہ سیاحت کے حوالے سے پاکستان کے پاس 4 مختلف چیزیں ہیں، اسکیئنگ کی بہت بڑی جگہیں پاکستان میں موجود ہیں۔
وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان ایک محفوظ ملک ہے اور اگلے پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ امکانات ہیں کہ بھارت کے الیکشنز تک تھوڑا سا مسئلہ ہو، لیکن انشاء اللہ تمام پڑوسی ممالک سے ہمارے اچھے تعلقات ہوں گے۔