منی لانڈرنگ کیس اسلام آباد منتقل، ایف آئی اے نے دستاویزات عدالت میں جمع کرادیں

اسلام آباد: ایف آئی اے نے میگا منی لانڈرنگ کیس کی تمام دستاویزات احتساب عدالت میں جمع کرا دیں۔

کراچی کی بینکنگ کورٹ نے گزشتہ روز جعلی اکاؤنٹس و میگا منی لانڈرنگ کیس اسلام آباد منتقل کرنے کا حکم دیا جسے پیپلزپارٹی کے صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور نے سندھ ہائیکورٹ میں چیلجنج کیا ہے۔

ایف آئی اے نے کیس سے متعلق تمام دستاویزات احتساب عدالت میں جمع کرادی ہیں۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہےکہ کیس میں اب تک 6 ملزمان گرفتار ہوئے ہیں، ملزم اسلم مسعود اسلام آباد میں ایف آئی اے کے زیر حراست ہے جب کہ باقی 50 ملزمان نیب کے زیر حراست ہیں۔

ایف آئی اے نے کیس میں نامزد اومنی گروپ کے چیف فنانشل آفیسر اسلم مسعود کا کیس بھی اسلام آباد منتقل کردیا گیا۔

جعلی اکاؤنٹ کیس کا پسِ منظر

واضح رہےکہ ایف آئی اے جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کی تحقیقات کررہی ہے اور اس سلسلے میں اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید اور نجی بینک کے سربراہ حسین لوائی بھی ایف آئی اے کی حراست میں ہیں جب کہ تحقیقات میں تیزی کے بعد سے اب تک کئی جعلی اکاؤنٹس سامنے آچکے ہیں جن میں فالودے والے اور رکشے والے کے اکاؤنٹس سے بھی کروڑوں روپے نکلے ہیں۔

ایف آئی اے نے گزشتہ سال 6 جولائی کو بینکنگ کورٹ میں مقدمہ دائر کیا جس کی تقریباً 8 ماہ تک سماعت ہوئی، آصف زرداری اور فریال تالپور نے مقدمے میں گرفتاری سے بچنے کے لیے حفاظتی ضمانت لے رکھی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے