ایف بی آر نے نان فائلرز کے 25 ہزار سے زائد رقم نکلوانے پر ٹیکس لگنے کی تردید کردی

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نان فائلرز کے 25 ہزار روپے سے زائد کیش نکلوانے پر ود ہولڈنگ ٹیکس عائد ہونے کی تردید کردی ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں 25 ہزار سے زائد کیش نکلوانے پر ود ہولڈنگ ٹیکس یا اس کی حد میں رد وبدل کی تردید کی گئی ہے۔

ایف بی آر کے مطابق اِنکم ٹیکس آرڈیننس میں سیکشن اے 231 اور 231 اے اے میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، 50 ہزار سے زائد کیش نکالنے پر نان فائلر 0.6 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس ادا کرے گا جب کہ نان فائلر پر 25 ہزار سے زائد کا ڈیمانڈ ڈرافٹ بنوانے پر 0.6 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس عائد ہوگا۔

ایف بی آر کا کہنا ہےکہ فائلر کے لیے بینکنگ ٹرانزیکشن پر ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کردیا گیا ہے اس لیے بینکنگ سسٹم میں ٹرانزیکشن پر ود ہولڈنگ کا اطلاق صرف نان فائلر پر ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک نوٹی فکیشن میں اس بات کی نشاندہی کی گئی تھی کہ حکومت نے نئے مالیاتی ترمیمی بل میں نان فائلرز یعنی ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کے 25 ہزار سے زائد کیش نکالنے پر 0.6 فیصد ٹیکس عائد کیا ہے تاہم وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر بھی گزشتہ روز اپنے ٹوئٹر پر اس کی تردید کرچکے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے