[pullquote]ایران- ای یو تجارتی نظام استعمال کرنے والی یورپی کمپنیوں اور بینکوں کو امریکا کا انتباہ[/pullquote]
امریکا نے ایسے یورپی بینکوں، سرمایہ کاروں اور تجارتی اداروں کو متنبہ کیا ہے، جو ایران کے ساتھ تجارت کے لیے یورپی یونین کا اختیار کردہ طریقہ کار استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ یورپی یونین نے ’اسپیشل پرپز وہیکل‘ کے نام سے ایک نظام وضع کیا تھا، جس کے تحت ایران کے ساتھ ڈالر سے ہٹ کر تجارت ممکن ہو سکے گی۔ امریکی صدر کے خصوصی مشیر ٹِم موریسن نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں یورپی اداروں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک بُرا تجارتی فیصلہ ہو گا۔
[pullquote]امریکا کے برطانیہ کے ساتھ تعلقات فروغ پا رہے ہیں، پومپیو[/pullquote]
لندن کے دورے پر پہنچے ہوئے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ امریکا اور برطانیہ کے مضبوط تعلقات برقرار رہیں گے اس بات سے قطعہ نظر کہ بریگزٹ کا کیا نتیجہ نکلتا ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ کے ساتھ لندن میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں پومپیو نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ آئندہ ماہ اپنے دورہ برطانیہ کے منتظر ہیں۔ پومپیو کے مطابق ٹرمپ برطانیہ کے ساتھ آزادانہ تجارت کا معاہدہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ پومپیو کے بقول ان کی اپنے برطانوی ہم منصب اور وزیر اعظم ٹریزا مے سے ملاقاتوں کے بعد یہ بات واضح ہوئی ہے کہ برطانیہ اور امریکا کے خصوصی تعلقات مزید بہتر ہو رہے ہیں۔
[pullquote]سعودی عرب کے لیے فرانسیسی ہتھیاروں کی کھیپ[/pullquote]
فرانسیسی حکومت نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ سعودی عرب کے لیے فرانسیسی ہتھیاروں کی نئی کھیپ روانہ کی جائے گی۔ یہ اعلان ان اطلاعات کے باوجود سامنے آیا ہے کہ سعودی عرب ان ہتھیاروں کو یمن کی تباہ کن جنگ میں استعمال کر رہا ہے۔ فرانسیسی وزیر دفاع فلورنس پارلی نے ایک مقامی ٹیلی وژن کو بتایا کہ ہتھیاروں کی یہ نئی کھیپ ایک سعودی کارگو جہاز کے ذریعے بھیجی جائے گی جو آج بدھ کے روز فرانسیسی بندرگاہ لے آورے پر لنگر انداز ہو گا۔ خاتون وزیر دفاع نے تاہم یہ معلومات نہیں دیں کہ کس طرح کے ہتھیار سعودی عرب بھیجے جا رہے ہیں۔
[pullquote]يوری ممالک ڈيل کی پاسداری کريں، تو ايران بھی کرے گا: جواد ظريف[/pullquote]
ايرانی وزير خارجہ محمد جواد ظريف نے کہا ہے کہ اگر جوہری ڈيل ميں شامل يورپی ممالک شرائط کے مطابق اپنی ذمہ دارياں پوری کريں تو ايران بھی معاہدے کی شرائط پر مکمل عمل در آمد کی يقين دہانی کرا سکتا ہے۔ ظريف نے يہ بيان ماسکو ميں اپنے روسی ہم منصب سيرگئی لاوروف سے ملاقات کے بعد آج بدھ کو ديا۔ ان کے بقول ڈيل سے جزوی دستبرداری کے اعلان کے باوجود ايران جوہری ڈيل کے بارے ميں پر عزم ہے۔ دريں اثناء لاوروف نے معاہدے ميں شامل تمام فريقين پر زور ديا کہ وہ شرائط پر عملدرآمد کريں۔
[pullquote]ايران کی جوہری ڈيل سے جزوی دستبرداری پر بين الاقوامی رد عمل[/pullquote]
جرمنی نے تہران حکومت پر زور ديا ہے کہ وہ جوہری ڈيل پر مکمل عملدرآمد جاری رکھے۔ چانسلر انگيلا ميرکل کے ترجمان اسٹيفان زائبرٹ نے برلن ميں کہا ہے کہ جرمنی اس ضمن ميں اپنا کردار ادا کرے گا اور ايران سے بھی ڈيل کی پاسداری کی اميد رکھتا ہے۔ فرانس نے البتہ تنبيہ کی ہے کہ ايران منفی اقدامات سے باز رہے بصورت ديگر اس کے خلاف پابندياں عائد کی جا سکتی ہيں۔ اسرائيلی وزير اعظم بينجمن نيتن ياہو نے کہا ہے کہ وہ ايران کو کسی صورت ايٹمی ہتھيار تيار کرنے نہيں ديں گے۔ اسی دوران چين نے بھی کہا ہے کہ جوہری ڈيل پر مکمل عملدرآمد لازمی ہے اور اس سلسلے ميں ذمہ داری تمام فريقين پر عائد ہوتی ہے۔
[pullquote]ايران جوہری ڈيل سے جزوی طور پر دستبردار[/pullquote]
ايران نے اپنی جوہری سرگرميوں کو محدود رکھنے کے ليے چھ عالمی طاقتوں کے ساتھ سن 2015 ميں طے شدہ ڈيل سے اپنی جزوی دستبرداری کا باقاعدہ اعلان کر ديا ہے۔ اس سلسلے ميں برطانيہ، چين، فرانس، جرمنی اور يورپی يونين کو آج بدھ کے روز ایسے خطوط ارسال کر دیے گئے، جن ميں ان ممالک کو ايرانی بينکنگ اور خام تيل کی تجارت سے منسلک شعبوں کی مدد کے ليے وعدے پورے کرنے کی خاطر ساٹھ دن کی مہلت دی گئی ہے۔ فی الحال يہ واضح نہيں کہ ايران اس ڈيل کی کن شرائط سے دستبردار ہو رہا ہے۔ امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ايک سال قبل اس ڈيل سے امریکا کی يکطرفہ عليحدگی کا اعلان کرتے ہوئے تہران کے خلاف اقتصادی پابندياں بحال کر دی تھيں۔
[pullquote]جوہری ڈيل سے جزوی دستبرداری: ایرانی صدر روحانی کی دھمکی[/pullquote]
اپنے ملک کی بین الاقوامی جوہری ڈيل سے جزوی دستبرداری کے بعد ايرانی صدر حسن روحانی نے دھمکی دی ہے کہ اگر عالمی طاقتوں نے اپنے وعدے پورے نہ کيے، تو ايران يورينيم کی افزودگی کا عمل بحال کر سکتا ہے۔ صدر روحانی نے يہ بات بدھ کو قومی ٹيلی وژن سے نشر کردہ اپنی ايک خصوصی تقرير ميں کہی۔ حسن روحانی نے يہ بھی کہا کہ اگر يہ معاملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل ميں پيش کيا گيا، تو اس پر ایران کا سخت رد عمل سامنے آ سکتا ہے۔ دريں اثناء ايرانی صدر نے يہ عنديہ بھی ديا کہ تہران اپنے جوہری پروگرام پر مذاکرات کے ليے تيار ہے۔
[pullquote]ٹرمپ نے نقصان کی وجہ سے آٹھ سال ٹيکس نہيں بھرا، نيو يارک ٹائمز[/pullquote]
امريکی اخبار ’نيو يارک ٹائمز‘ کی ايک رپورٹ کے مطابق صدر ڈونلد ٹرمپ کو سن 1985 سے سن 1994 کے درميانی عرصے ميں تقريباً 1.17 بلين ڈالر کا گھاٹا ہوا۔ اخبار نے ٹرمپ کے ٹيکس دستاويزات کا حوالہ ديتے ہوئے لکھا ہے کہ سن 1985 ميں مختلف کاروباروں ميں ہونے والے مالی نقصان کا حجم 46.1 ملين تھا، جو سن 1994 ميں 1.17 بلين ڈالر تک پہنچ گيا تھا۔ ’نيو يارک ٹائمز‘ کے مطابق انہی نقصانات کی وجہ سے ٹرمپ نے ان دس ميں سے آٹھ سالوں تک ٹيکس ادا نہيں کيے۔ واٹر گيٹ اسکينڈل کے بعد ٹرمپ امريکی تاريخ ميں ايسے پہلے صدر ہيں، جو اپنے ٹيکس دستاويزات پيش کرنے سے منع کر چکے ہيں۔
[pullquote]نائجيريا: بوکو حرام کے حملوں ميں متعدد ہلاکتيں[/pullquote]
نائجيريا کے شمال مشرقی حصے ميں بوکو حرام کے جنگجوؤں نے مختلف حملوں ميں کم از کم نو افراد کو ہلاک کر ديا ہے۔ جنگجوؤں نے لوٹ مار کرنے کے بعد ايک ديہات کو بھی نذر آتش کر ديا۔ يہ وارداتيں منگل کی شام اس وقت کی گئيں جب مقامی لوگ افطاری کی تياری کر رہے تھے۔ نائجيريا کی ايمرجنسی منیجمنٹ ايجنسی کے اہلکار عثمان کياری کے بقول بوکو حرام کے شدت پسندوں نے کارروائياں مولائی نامی ديہات ميں کيں۔
[pullquote]کابل ميں امدادی تنظيم کے دفتر پر حملہ[/pullquote]
افغان دارالحکومت ميں آج طالبان عسکريت پسندوں نے غير سرکاری تنظيم ’کاؤنٹر پارٹ انٹرنيشنل‘ کے دفتر پر حملہ کيا، جس ميں اب تک دو درجن کے قريب افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ اين جی او کے 80 ملازمين کو البتہ بحفاظت باہر نکال ليا گيا ہے۔ سکيورٹی حکام اس وقت پورے علاقے کی تلاشی لے رہے ہيں اور وقفے وقفے سے فائرنگ کی آوازيں سنی جا سکتی ہيں۔ طالبان کے ترجمان ذبيح اللہ مجاہد نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ اين جی او افغانستان کو نقصان پہنچانے سے متعلق سرگرميوں ميں ملوث ہے۔
[pullquote]امريکی وزير خارجہ کا دورہ برطانيہ[/pullquote]
امريکی وزير خارجہ مائيک پومپيو آج برطانيہ کے دورے پر ہيں۔ پومپيو عراق کے غير اعلانيہ دورے کے ايک روز بعد آج لندن پہنچے۔ اطلاع ہے کہ وہ برطانيہ کے يورپی يونين سے اخراج کے بعد امريکا کے ساتھ ’خصوصی باہمی تعلقات‘ کے ليے تجاويز سامنے رکھيں گے۔ امريکی وزير خارجہ ميزبان ملک کی وزير اعظم ٹيريزا مے اور اپنے ہم منصب جيريمی ہنٹ سے ملاقاتيں کر رہے ہيں۔ واضح رہے کہ امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی آئندہ ماہ برطانيہ کا دورہ کرنے والے ہيں۔
[pullquote]امريکا نے تائيوان کی حمايت ميں قرارداد منظور کر لی، چين برہم[/pullquote]
امريکی ايوان نمائندگان ميں تائيوان کی حمايت سے متعلق ايک قرارداد منگل کی شام متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ اس قرارداد کے حق ميں 414 ووٹ ڈالے گئے جبکہ مخالفت ميں ايک بھی ووٹ نہ پڑا۔ اس پيش رفت کی چين نے مذمت کی ہے اور اسے روکے جانے کا مطالبہ کيا ہے۔ چينی وزارت خارجہ کے ترجمان نے آج اپنے بيان ميں کہا کہ يہ اقدام چين کے اندرونی معاملات ميں مداخلت کے مساوی ہے۔ اس قرارداد کی ابھی سينيٹ سے منظوری باقی ہے۔
[pullquote]آسيہ بی بی پاکستان سے رخصت ہو گئیں، وکيل سيف الملوک[/pullquote]
پاکستان مسیحی خاتون شہری آسيہ بی بی نے ملک چھوڑ ديا ہے۔ يہ خبريں پاکستانی ذرائع ابلاغ سے نشر کی جا رہی ہيں اور آسيہ بی بی کے وکيل نے بھی ان کی بیرون ملکی روانگی کی تصديق کر دی ہے۔ وکيل سيف الملوک نے نيوز ايجنسی روئٹرز کو بتايا کہ قابل اعتماد ذرائع سے انہيں پتہ چلا ہے کہ آسیہ بی بی پاکستان سے روانہ ہو چکی ہيں۔ آسيہ بی بی کو توہين مذہب کے الزام میں سزائے موت کا حکم سنایا گیا تھا اور انہوں نے آٹھ برس جیل ميں گزارے تھے۔ پچھلے سال انہيں پاکستانی عدالت عظمیٰ نے ذیلی عدالتوں کے فيصلے منسوخ کرتے ہوئے تمام الزامات سے بری کر ديا تھا۔
[pullquote]کولوراڈو کے ایک ہائی اسکول ميں فائرنگ، طالب علم ہلاک[/pullquote]
امريکی رياست کولوراڈو کے شہر ڈينور کے ايک ہائی اسکول ميں دو طالب علموں نے اپنے ساتھی طلبہ پر فائرنگ کر کے کم از کم ايک کو ہلاک اور آٹھ ديگر کو زخمی کر ديا۔ پوليس نے بعد ازاں دونوں حملہ آوروں کو حراست ميں لے ليا۔ ڈگلس کاؤنٹی کے شيرف ٹونی اسپرلوک نے بتايا کہ ان ملزمان نے يہ کارروائی اسٹيم اسکول ہائی لينڈز رینچ ميں منگل کی شام کی۔ فی الحال يہ واضح نہيں کہ اس واقعے کے اسباب کیا تھے۔ ڈينور ميں يہ اسکول اس اسکول سے صرف سات کلوميٹر کے فاصلے پر واقع ہے، جہاں قريب بيس برس قبل اسی طرز کے ایک حملے ميں تيرہ طلبہ مارے گئے تھے۔
[pullquote]جنوبی افريقہ ميں قومی اليکشن شروع ہو گئے[/pullquote]
جنوبی افريقہ ميں آج بدھ آٹھ مئی کے روز عام انتخابات کے لیے رائے دہی جاری ہے۔ ان انتخابات ميں تقريباً 26.8 ملين شہری ووٹ ڈالنے کے اہل ہيں۔ ملک بھر ميں ووٹنگ کے ليے تئیس ہزار کے قریب پولنگ اسٹيشن قائم کيے گئے ہيں۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق افريقی نيشنل کانگريس کے جيتنے کے امکانات زيادہ ہيں تاہم گزشتہ اليکشن ميں اسے اپنی حریف جماعتوں پر حاصل ہونے والی سبقت اس بار کم ہو جائے گی۔ متعدد اسکينڈلوں اور ملک ميں بڑھتی ہوئی بے روزگاری کی شرح کے سبب اے اين سی کے کئی ووٹر بے يقينی کا شکار ہيں۔ پارٹی کے نئے ليڈر سرل رامافوسا کے ليے ممکنہ کاميابی کی صورت ميں پارٹی کی ساکھ بہتر بنانا ايک بڑا چيلنج ثابت ہو گا۔
[pullquote]وينزويلا ميں سات ارکان پارلیمان کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ[/pullquote]
وينزويلا ميں ان سات ارکان پارلیمان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، جنہوں نے پچھلے ہفتے حکومت کا تختہ الٹنے کی کوششوں کی حمايت کی تھی۔ يہ فيصلہ ملکی سپريم کورٹ نے آٹھ مئی کو کیا۔ عدالت عظمیٰ نے اٹارنی جنرل طارق وليم صاب کو ہدايت کی کہ متعلقہ منتخب نمائندوں کے خلاف بغاوت کے الزام میں تفتيش کی جائے۔ بعد ازاں ان قانون سازوں کی پارليمانی حيثيت کو بھی ختم کر ديا گيا۔ وينزويلا ميں اپوزيشن رہنما خوآن گوآئيڈو صدر نکولاس مادورو کی حکومت کو چيلنج کر رہے ہيں۔ اس وجہ سے ملک شدید سياسی اور معاشی بحران
[pullquote]انسانی حقوق کی تنظیموں کی ملائيشيا پر تنقيد[/pullquote]
انسانی حقوق کے ليے سرگرم اداروں نے ملائيشيا کی حکومت پر تنقيد کی ہے۔ ہيومن رائٹس واچ اور ايمنسٹی انٹرنيشنل نے انسانی حقوق کے شعبے ميں وعدوں کے مطابق اصلاحات متعارف نہ کرانے کی وجہ سے کوالالمپور حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ايچ آر ڈبليو کے ايشيا کے ليے ڈائريکٹر فل روبرٹسن نے کوالا لمپور ميں آٹھ مئی کو منعقدہ پريس کانفرنس ميں کہا کہ حکومت نہ صرف وعدوں سے پيچھے ہٹی ہے بلکہ اس نے اس ضمن ميں کوئی اقدامات بھی نہيں کيے۔ موجودہ حکومت سزائے موت پر عملدرآمد ختم کرنے اور انسانی حقوق کی صورتحال ميں بہتری کے وعدوں کے ساتھ اقتدار ميں آئی تھی۔
[pullquote]جاپان ميں حادثہ، متعدد بچے زخمی[/pullquote]
جاپان ميں پيش آنے والے ايک غير معمولی حادثے ميں کنڈر گارٹن کے دو بچے ہلاک ہو گئے ہيں۔ يہ واقعہ اوٹسو شہر ميں بدھ کو صبح کے وقت پيش آيا۔ دو گاڑيوں کے تصادم کے نتيجے ميں ايک گاڑی پھسل کر بچوں کے ايک گروپ سے جا ٹکرائی۔ مجموعی طور پر سولہ بچوں کے زخمی ہونے کا بتايا گيا ہے۔ پوليس نے متعلقہ گاڑيوں کے ڈرائيورزکو موقع پر ہی حراست ميں لے ليا تھا۔