اسلام آباد: تحریک انصاف نے مریم نواز کو پارٹی عہدہ ملنے کے خلاف درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کر دی۔
تحریک انصاف کی پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب، ملیکہ بخاری، کنول شوذب اور جویریہ ظفر نے مریم نواز کے خلاف درخواست جمع کرائی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مریم نواز کی بطور نائب صدر مسلم لیگ (ن) تقرری آئین و قانون سے متصادم ہے، وہ کسی بھی سیاسی و عوامی عہدے کے لیے نااہل ہیں ۔
تحریک انصاف کی رہنماؤں کی جانب سے درخواست میں عدالت عظمیٰ کے فیصلوں کا بھی مفصل ذکر موجود ہے۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے 3 مئی کو ایک اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں پارتی کی تنظیم نو سے متعلق آگاہ کیا گیا جس کے مطابق مرکزی اور صوبائی سطح پر موجود تنظیموں کو برقرار رکھتے ہوئے 16 نائب صدور مقرر کیے گئے۔
نائب صدور میں مریم نواز اور حمزہ شہباز کے علاوہ ایاز صادق، عابد شیر علی، برجیس طاہر، مشاہداللہ خان، پرویز رشید، رانا تنویر، سردار مہتاب، محمد زبیر اور دیگر کو نائب صدر بنایا گیا۔