جمعہ : 31 مئی 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارت: نرملا سیتارامن نئی وزیر خزانہ ہوں گی[/pullquote]

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنا منصب سنبھالنے کے بعد ارون جیٹلی کی جگہ نرملا سیتا رامن کو نیا وزیر خزانہ مقرر کیا ہے۔ سیتارامن سابقہ مودی حکومت میں وزیر دفاع تھیں۔ نئی وزیر خزانہ نریندر مودی کی پہلی حکومت میں کچھ عرصے کے لیے کامرس اور خزانہ امور کی وزیر مملکت بھی رہی تھیں۔ منجھے ہوئے بھارتی سیاستدان اور سابق وزیرخزانہ ارون جیٹلی نے علالت کے باعث کابینہ میں شامل ہونے سے معذوری ظاہر تھی۔ سشما سوراج کی جگہ خارجہ امور کے سابق سیکرٹری ایس جے شنکر نئے وزیر خارجہ ہوں گے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے سربراہ امت شاہ کو وزیر داخلہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مودی کی پچھلی حکومت کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ وزارت دفاع کے نگران ہوں گے۔

[pullquote]ایرانی جوہری سرگرمیاں تاحال محدود ہیں، آئی اے ای اے[/pullquote]

جوہری توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی آئی اے ای اے نے کہا ہے کہ جوہری معاہدے سے اخراج کے تہران حکومت کے منصوبہ کے باوجود اس کی جوہری سرگرمیاں تاحال محدود ہیں۔ جمعے کے روز ویانا میں اس عالمی ادارے کے صدر دفتر کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایرانی جوہری سرگرمیاں اب تک سن 2015ء کی جوہری ڈیل میں طے کردہ حدود کے اندر ہی ہیں۔ مئی کے آغاز میں تہران حکومت نے اعلان کیا تھا کہ وہ اس جوہری ڈیل کے تحت یورینیم کی افزودگی کے حوالے سے طے کردہ حدود کا احترام نہیں کرے گا۔ واضح رہے کہ امریکا اس جوہری ڈیل سے نکل چکا ہے اور واشنگٹن حکومت نے ایران کے خلاف ایک مرتبہ پھر سخت ترین پابندیوں کا نفاذ کر دیا ہے۔

[pullquote]سابق افغان صدر نے غلطی سے طالبان کے ساتھ معاہدے کا دعویٰ کر دیا[/pullquote]

سابق افغان صدر حامد کرزئی نے غلطی سے طالبان کے ساتھ فائربندی معاہدے کا اعلان کر دیا، تاہم طالبان نے اس کی تردید کی ہے۔ کرزئی کی ٹیم کی جانب سے بھی اس غلطی کا اعتراف کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ سابق صدر کی فیس بک پوسٹ میں حوالہ گزشتہ برس عیدالفطر پر کابل حکومت اور طالبان کے درمیان طے پانے والے سیز فائر معاہدے کا دیا گیا تھا۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اس بیان کے چند ہی منٹ بعد ایسی کسی بھی ڈیل کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کو امید ہے کہ اس غلطی کا شکار میڈیا اور سوشل میڈیا کے صارفین نہیں ہوں گے۔ اس بیان پر سوشل میڈیا پر کرزئی پر سخت تنقید بھی کی جا رہی ہے۔

[pullquote]افغانستان میں ایک اور خودکش حملہ، چار افراد ہلاک[/pullquote]

افغان دارالحکومت کابل میں جمعہ اکتیس مئی ایک خودکش کار بم حملے میں کم از کم چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ان ہلاکتوں کی تصدیق افغان وزارت دفاع کے ترجمان نصرت رحیمی نے بھی کر دی ہے۔ اس حملے کا نشانہ ایک امریکی فوجی قافلہ تھا۔ کابل میں امریکی فوج کےتعلقاتِ عامہ کے عہدیدار باب پورٹیمین نے بتایا ہے کہ اس حملے میں چار امریکی فوجیوں کو معمولی زخم آئے ہیں۔ امریکی فوجی قافلہ کابل کے نواحی علاقے یکاتوت کی جانب روانہ تھا۔ طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔ افغانستان میں آْج ہونے والا مسلسل دوسرا خودکش حملہ ہے۔ جمعرات تیس مئی کو افغان آرمی اکیڈیمی کے باہر ہونے والے حملے میں چھ افراد مارے گئے تھے۔

[pullquote]ایران اور عراق میں ’یوم القدس‘ کے موقع پر احتجاجی ریلیاں[/pullquote]

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یوم القدس کے موقع پر ایران میں ریاستی سرپرستی میں 950 مقامات پر مارچ کیا گیا۔ ان مظاہروں میں اسرائیل اور امریکا مخالف نعرے لگائے گئے۔ مارچ میں شرکا ’یروشلم فلسطین کا دارالحکومت‘ کے نعرے بھی لگاتے رہے۔ اسی طرح عراقی دارالحکومت بغداد میں بھی شیعہ ملیشیا سے تعلق رکھنے والے ہزاروں جنگجوؤں نے ’یوم القدس‘ کے موقع پر مارچ میں حصہ لیا۔ بغداد میں ملیشیا سے تعلق رکھنے والے جنگجو حسب معمول جنگی وردیوں میں تو تھے لیکن پوری طرح غیرمسلح تھے۔ انہوں نے عسکری گاڑیوں یا ہتھیاروں کی نمائش نہیں کی۔ یوم القدس کا آغاز ایرانی انقلاب کے رہنما آیت اللہ روح اللہ خمینی نے سن 1979 میں کیا تھا۔

[pullquote]سعودی عرب امن کے قیام کی ہر ممکن کوشش کرے گا، شاہ سلمان[/pullquote]

سعودی عرب کے بادشاہ شاہ سلمان نے خلیجی تعاون کونسل کے اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی برادری مشترکہ طور پر سعودی حکومت کو تعاون فراہم کرے تا کہ ایران کا سامنا کیا جا سکے۔ سعودی شاہ نے یہ بھی کہا کہ متحدہ عرب امارات کی سمندری حدود میں تیل کے چار ٹینکروں کو نقصان پہنچانے کی کوششیں علاقائی صورت حال کو خراب کرنے کی سنجیدہ کوشش تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یمنی باغیوں کے ذریعے سعودی عرب کی تیل کی پائپ لائن پر حملے سے خلیجی تعاون کونسل کے چھ ملکوں کے سکیورٹی اور دیگر مفادات کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اُن کا ملک امن کے قیام کی ہر ممکن کوشش جاری رکھے گا۔

[pullquote]عرب سربراہی اجلاس کے الزامات ایران نے مسترد کر دیے[/pullquote]

ایران نے کہا ہے کہ سعودی عرب علاقائی رائے عامہ کو تہران کے خلاف کرنے کی ’مایوس‘ کوشش کے لیے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ شامل ہو گیا ہے۔ ایران نے عرب سربراہی اجلاس میں ایران کے خلاف الزامات کو بے بنیاد، لغو اور من گھڑت قرار دیا ہے۔ سعودی عرب کے شاہ سلمان نے عرب ممالک کے سربراہی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ خطے میں ایرانی اشتعال انگیزیوں کو روکنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات وقت کی ضرورت ہیں۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بریفنگ میں سعودی قیادت میں جمع ہونے والے عرب ممالک کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کیا۔ ایرانی وزارت خارجہ نے یہ بھی کہا کہ یہ امریکا اور یہودی ریاست کی ایران مخالف کوششوں کا سلسلہ ہے۔

[pullquote]امریکی وزیر خارجہ کا پہلا جرمنی کا دورہ[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو آج جمعے کو اپنے جرمن ہم منصب ہائیکو ماس اور چانسلر انگیلا میرکل سے ملاقات کریں گے۔ پومپیو کے اچانک جرمنی پہنچنے کو حیران کن قرار دیا گیا ہے کیونکہ تین ہفتے قبل انہوں نے اپنا جرمنی کا پہلا دورہ منسوخ کر دیا تھا۔ امریکی وزیر خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ علاقائی صورت حال کے تناظر میں عراق بھی جانا چاہتے ہیں۔ اس کا امکان ہے کہ ایران کے معاملے پر واشنگٹن اور برلن کے پالیسی اختلافات پومپیو کے دورے کے دوران اہمیت کے حامل ہوں گے۔ جرمن حکومت کی کوشش ہے کہ ایرانی جوہری ڈیل کو کسی طرح محفوظ رکھا جا سکے۔ جرمن اور امریکی وزرائے خارجہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔

[pullquote]روسی صدر اور جاپانی وزیر اعظم کے درمیان ملاقات انتیس جون کو ہو گی[/pullquote]

روس کے وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے بتایا ہے کہ جاپان کے وزیراعظم شینزو آبے کے ساتھ اُن کے صدر ولادیمیر پوٹن انتیس جون کو ملاقات کریں گے۔ یہ ملاقات جاپان میں اُس وقت ہو گی جب روسی صدر جی ٹوئنٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے اوساکا پہنچیں گے۔ اس میٹنگ میں روس اور چین کے درمیان چند سمندری جزائر کی ملکیت کے معاملے پر گفتگو کو اہمیت حاصل رہے گی۔ روسی اور جاپانی اہلکار حالیہ دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان اختلافی معاملات کو حل کرنے کی کی خاطر ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ جی ٹونٹی کی دو روزہ سمٹ اٹھائیس اور انتیس جون میں جاپانی شہر اوساکا میں ہو گی۔

[pullquote]چین پہلی جون کو امریکی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد کر دے گا[/pullquote]

چینی حکومت پہلی جون سے امریکی مصنوعات پر ساٹھ بلین ڈالر کے اضافی محصولات کا نفاذ کر رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ امریکی مصنوعات پر چینی درآمدی ٹیکس میں پچیس فیصد کا اضافہ کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ امریکا کی جانب سے چینی مصنوعات پر اضافی محصولات کے نفاذ کے جواب میں کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ یہ دھمکی دے چکے ہیں کہ چینی مصنوعات پر اضافی محصولات کے دائرے کو وسیع کیا جائے گا، جس کے باعث 325 بلین ڈالر کی چینی مصنوعات کو اضافی درآمدی ٹیکسوں کا سامنا ہو گا۔ چین اور امریکا کے درمیان تجارتی جنگ میں مزید شدت پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔

[pullquote]پوپ فرانسس رومانیہ کے تین روزہ دورے پر[/pullquote]

پوپ فرانسس اکتیس مئی کو رومانیہ کے دارالحکومت بخارسٹ تین روزہ دورے پر پہنچ گئے ہیں۔ بخارسٹ پہنچنے کے بعد وہ صدر کلاؤس ایوہانس اور خاتون وزیر اعظم ویوریکا ڈانچیلا سے ملاقاتوں کے علاوہ رومانیہ کی عوام سے ٹیلی وژن پر خصوصی خطاب بھی کریں گے۔ پوپ رومانیہ کے دوسرے بڑے شہر یاسی بھی جائیں گے۔ اس دورے کی سب سے بڑی تقریب اتوار دو جون کو سومُلیو چیوک نامی شہر میں واقع ایک مقدس مزار پر منعقد کی جائے گی۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اس خصوصی دعائیہ تقریب میں ہزاروں افراد شریک ہوں گے۔

[pullquote]سعودی عرب میں تین بین الاقوامی سربراہ اجلاس کا انعقاد[/pullquote]

سعودی عرب میں تیس اور اکتیس مئی تین سربراہ اجلاس ہو رہے ہیں۔ پہلی سمٹ خلیجی تعاون کونسل کے چھ ممالک کے سربران کے مابین جمعرات کو مکہ میں ہوئی۔ اس کے بعد بائیس عرب ممالک کی تنظیم عرب لیگ کا اجلاس ہو رہا ہے۔ تیسری سمٹ مسلم ملکوں کی تنظیم آو آئی سی کی ہے۔ اس میں ستاون مسلمان ممالک کے نمائندے اور لیڈران شریک ہوں گے۔ پاکستانی وزیراعظم بھی اس سربراہ اجلاس میں شریک ہونے کے لیے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ جمعرات تیس مئی کو مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں سمٹ کے ایجنڈے پر گفتگو کی گئی۔ یہ تینوں سربراہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب مسلمانوں کا مقدس مہینہ رمضان اپنے اختتام کے قریب ہے۔

[pullquote]ڈچ مغوی کو ابو سیاف کے عسکریت پسندوں نے ہلاک کر دیا ہے، فلپائنی فوج[/pullquote]

فلپائنی فوج نے کہا ہے کہ ابو سیاف دہشت گرد گروپ نے ڈچ مغوی ایولڈ ہورن کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔ اس کی ہلاکت اُس وقت ہوئی جب جنوبی جنگلاتی علاقے میں یرغمال بنائے گئے ہورن کو آزاد کرانے کی کوشش کی گئی۔ فوج کے مطابق سکیورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے مابین جھڑپ کے دوران ایولڈ ہورن نے فرار ہونے کی کوشش کی تو جنگجوؤں نے اسے ہلاک کر دیا۔ اس جھڑپ میں کم از کم چھ عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔ ہورن کو سن 2012 میں اغوا کیا گیا تھا۔

[pullquote]شمالی کوریائی خصوصی سفیر کو سزائے موت دے دی گئی[/pullquote]

شمالی کوریائی لیڈر کم جونگ ان کی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہنوئی سمٹ میں ناکامی کے بعد امریکا کے لیے خصوصی سفیر کم ہیوک چول کی سزائے موت پر عملدرآمد کر دیا گیا ہے۔ جنوبی کوریا کے اخبار چوزن البُو نے جمعے کے دن رپورٹ کیا کہ چول کو مارچ میں فائرنگ اسکواڈ کے سامنے کھڑا کیا گیا تھا۔ اُن پر الزام لگایا گیا تھا کہ سمٹ سے قبل کی میٹنگوں میں شمالی کوریائی خصوصی سفیر نے امریکی حمایت حاصل کرنے کے لیے سمٹ کے معاملات کو پوری طرح اپنے ملکی لیڈر کے سامنے پیش نہیں کیا۔ کم ہیوک چول کو وزارت خارجہ کے چار دوسرے سینیئر افسران کے ہمراہ میریم ایئر پورٹ پر گولیاں ماری گئیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے