وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک میں تبدیلی لا رہی ہے، یہ مشکل کام ہے اس میں وقت تو لگے گا۔
نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت ایل ڈی اے سٹی میں اپارٹمنٹس کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پرانا ’اسٹیٹس کو‘ تبدیلی نہیں آنے دیتا، اسٹیٹس کو نظام میں رکاوٹیں کھڑی نہیں کرے گا تو پیسہ کیسے بنائے گا، بدقسمتی سے ہم نے اپنی آنکھوں سے سسٹم کو خراب ہوتے دیکھا ہے، نظام بن گیا کہ رشوت دو تو کام ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ تبدیلی لانے کے لیے وژن، عزم اور ارادہ درکار ہوتا ہے، جب آپ تبدیلی لا رہے ہوتے ہیں تو اس میں وقت لگتا ہے کیونکہ یہ مشکل کام ہوتا ہے۔
وزیراعظم نے چیئرمین ایل ڈی اے عمران منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ ادارے میں بڑی تبدیلی لائے ہیں، ایل ڈی اے میں آٹو میشن متعارف کروایا۔
ان کا کہنا تھا کہ کاروبار میں آسانی اور کاروباری لاگت میں کمی کے لیے آٹومیشن ضروری ہے، سارے سسٹم میں اور ہر ادارے میں آٹومیشن کی بڑی مزاحمت کی جاتی ہے، نظام میں آٹومیشن آتے ہی رشوت خودبخود ختم ہو جاتی ہے کیونکہ مشینیں رشوت نہیں لیتیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مارچ میں سب سے زیادہ سیمنٹ کی پیداوار ہوئی، تعمیراتی شعبہ چل چکا ہے، اس سے جڑی مزید صنعتیں بھی چل پڑی ہیں۔
ان کا کہنا تھا لوگ کہتے ہیں کدھر ہے نیا پاکستان، کدھر ہے مدینہ کی ریاست، نئے پاکستان کے لیے ماڈل مدینہ کی ریاست ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں آج قانون کی بالادستی کے لیے مکمل جنگ چل رہی ہے، بڑے بڑے مافیاز کو پہلی دفعہ قانون کے تابع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، بڑے بڑے سیاسی مافیاز قانون کی بالادستی کے خلاف مزاحمت کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا یہ اصل میں پاکستان کے لیے ایک فیصلہ کن مرحلہ ہے، ان شاء اللہ جیسے ہی ہم قانون کی بالادستی قائم کریں گے، معاشرہ آزاد ہو جائے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چینلج سے نمٹنے کے لیے ہمیں اپنے آپ کو تبدیل کرنا ہے۔