فیصل آباد: دکانداروں کی جانب سے مبینہ طور پر بے لباس کی جانے والی متاثرہ خواتین نے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کردیا ہے۔
متاثرہ خاتون آسیہ بی بی نےمیڈیاے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے کپڑے خود نہیں اُتارے، ملزمان نے بے لباس کیا، دکان میں ہمارے کپڑے پھاڑے اور باہر نکال دیا۔
متاثرہ خاتون آسیہ بی بی نے یہ بھی کہا کہ جو لوگ پکڑے گئے ہیں ہم انہیں پہچانتے ہیں ،انہیں عدالت میں بھی شناخت کریں گے۔
متاثرہ خاتون نے مزید بتایا کہ ہم دو گھنٹے چنگل میں پھنسے رہے، کوئی بچانے نہیں آیا، سب تماشا دیکھتے رہے۔
اس کے علاوہ دوسری متاثرہ خاتون ناصرہ نےمیڈیاکو بتایا کہ یہ ہمیں برہنہ حالت میں 2 گھنٹے تک سڑک پر مارتے رہے۔
دوسری جانب آر پی او فیصل آباد عمران محمود کا کہنا ہے کہ تفتیش میں واضح ہوگا کہ خواتین کے کپڑے کیسے پھٹے جبکہ خواتین پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی کی۔
واضح رہے کہ پولیس نے کیس میں 5 ملزمان کا 3 روزہ ریمانڈ لے لیا ہے جبکہ ملزمان کے خلاف تھانہ ملت ٹاؤن میں مقدمہ درج ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز فیصل آباد کے ملت ٹاؤن میں 4 خواتین پر تشدد اور انہیں بے لباس کرنے کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی۔