اسرائیل نے فضائی حملے میں لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے بحری کمانڈر کی ہلاکت کا دعویٰ کر دیا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے منگل کو جنوبی لبنان میں ایک فضائی حملے کے دوران حزب اللہ کے بحری کمانڈر خدر سید ہاشم کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے قنا قصبے کے قریب لبنانی مسلح گروپ کے بحریہ یونٹ کے کمانڈر خدر سید ہاشم کو ہلاک کیا۔
اسرائیل نے الزام لگایا کہ خدر سید ہاشم ایسی سرگرمیوں میں ملوث تھا جو اسرائیل اور اس کے شہریوں کے لیے خطرہ تھیں۔
فوج نے مزید کہا کہ ہاشم، حزب اللہ کی ایلیٹ رضوان فورس کا رکن تھا اور وہ بحری اسمگلنگ آپریشنز میں بھی ملوث تھا۔
ادھر لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ جنوبی شہر صور کے علاقے میں اسرائیلی حملے کے دوران ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس میں ایک شخص ہلاک ہوا۔