لاہور(ایم اے تبسم )تعلیم ہی ہر روشن مستقبل کی بنیاد ہے اور اسی مقصد کو آگے بڑھاتے ہوئے کوائن کینیڈا (Children of Islamic Nations – COIN Canada) اور جزا ریلیف کے باہمی اشتراک سے میرا گھر یتیم خانہ میں جدید کمپیوٹر لیب کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ اس منصوبے کا مقصد یتیم اور مستحق بچوں کو جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم فراہم کرنا اور انہیں مستقبل کے تقاضوں کے مطابق باصلاحیت اور خودمختار شہری بنانا ہے۔
افتتاحی تقریب میں سماجی شخصیات، مخیر حضرات، تعلیمی شعبے سے وابستہ افراد اور ایکوئل فاؤنڈیشن سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران شرکاء نے کمپیوٹر لیب کا دورہ کیا اور اس منصوبے کو یتیم بچوں کے لیے ایک اہم اور قابلِ تحسین اقدام قرار دیا۔ کمپیوٹر لیب میں جدید کمپیوٹرز، فرنیچر، کمپیوٹر ٹیبلز، کرسیاں اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ بچوں کو بہترین تعلیمی ماحول میں کمپیوٹر اور ڈیجیٹل مہارتوں کی عملی تربیت دی جا سکے۔
اس سہولت سے بچوں کو بنیادی کمپیوٹر تعلیم کے ساتھ ساتھ مستقبل میں اعلیٰ تعلیم، روزگار اور فری لانسنگ کے مواقع سے بھی استفادہ حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر چیئرمین ایکوئل فاؤنڈیشن سوسائٹی جناب عابد حسین بھٹی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا “ہم کوائن کینیڈا اور جزا ریلیف کے بے حد شکر گزار ہیں جنہوں نے یتیم بچوں کے روشن مستقبل کے لیے اس اہم منصوبے میں بھرپور تعاون کیا۔ ہمارا یقین ہے کہ تعلیم اور ٹیکنالوجی ہی وہ طاقت ہے جو معاشرے کے محروم بچوں کو باوقار اور خودمختار زندگی کی طرف لے جا سکتی ہے۔
یہ کمپیوٹر لیب ان بچوں کے لیے امید، ترقی اور کامیابی کے نئے دروازے کھولے گی۔” انہوں نے مزید کہا کہ ایکوئل فاؤنڈیشن سوسائٹی مستقبل میں بھی تعلیم، ہنر مندی اور ڈیجیٹل لرننگ کے مزید منصوبے شروع کرے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق بچوں کو معیاری تعلیم اور بہتر مستقبل کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء نے کوائن کینیڈا، جزا ریلیف اور ان تمام مخیر افراد کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے یہ منصوبہ پایۂ تکمیل تک پہنچا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ یتیم اور مستحق بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے ایسے فلاحی منصوبوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔