اسرائیلی فوج کی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری ہیں ،تازہ بمباری سے مزید 3 فلسطینی شہید ہو گئے۔
اتوار کو اسرائیل نے جنوبی غزہ کے شہر خان یونس کے مشرقی حصے پر بمباری کی جس میں 3 فلسطینی شہید ہوئے۔
اسرائیل نے غزہ شہر کے زیتون محلے اور رفح کے قریب کے علاقوں کو بھی نشانہ بنایا۔
رواں سال 10 اکتوبر کو جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد سے اب تک اسرائیلی فورسز 274 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کرچکی ہیں جبکہ 1500 عمارتوں کو بھی تباہ کیا جاچکا ہے ۔
دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر طوباس میں بھی فائرنگ کر کے اسرائیلی فوج نے ایک فلسطینی کو شہید کر دیا۔
ادھر اقوام متحدہ امن فورس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ٹینک نے جنوبی لبنان میں اہلکاروں پر فائرنگ کی ہے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق خراب موسم کے باعث اقوام متحدہ اہلکاروں کو مشتبہ سمجھ کر فائرنگ کی۔
دوسری طرف اسرائیلی حکومت نے 7 اکتوبر 2023 کے حماس حملوں کی تحقیقات کیلئے آزاد تحقیقاتی کمیٹی بنانے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ اسرائیلی عوام نیتن یاہو حکومت سے 7 اکتوبر حملوں کی تحقیقات کے لیے ریاستی کمیشن بنانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ 2 سالہ جنگ میں اسرائیلی حملوں69 ہزار 400 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے۔