بنگلورو: بھارتی ریاست کرناٹک میں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی بیوی اور دو کمسن بیٹیوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کر لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ضلع ہنسور کے علاقے نیو ماروتھی لے آؤٹ میں پیش آیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 49 سالہ ہریش، اس کی 36 سالہ اہلیہ نشچیتا، 13 سالہ بیٹی نیکسا اور 6 سالہ بیٹی رکھشا شامل ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہریش نے مبینہ طور پر پہلے اپنی بیوی اور دونوں بیٹیوں کے منہ ٹیپ سے بند کیے، پھر ان کا دم گھونٹ کر قتل کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس کے بعد ہریش گھر کی پہلی منزل پر واقع کمرے میں گیا، جہاں اس نے پھندا لگا کر خودکشی کر لی۔
تفتیش کے دوران گھر سے ایک مبینہ خودکشی نوٹ بھی برآمد ہوا، جس کے آغاز میں اس نے خودکشی کا ذکر کیا، جبکہ بعد کے حصے میں اپنی آخری خواہشات سے متعلق ہدایات درج کی گئی تھیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، تاہم مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔