نئی دہلی: بھارت نے ڈینگی سے بچاؤ کے لیے جاپانی کمپنی ٹاکیڈا (Takeda) کی تیار کردہ Qdenga ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی ہے۔
بھارتی وزارتِ صحت کے مطابق 21 جولائی کو اس ویکسین کی منظوری دی گئی، جبکہ سینٹرل ڈرگز اسٹینڈرڈ کنٹرول آرگنائزیشن (CDSCO) نے اسے 4 سے 60 سال کی عمر کے افراد کے لیے محفوظ اور مؤثر قرار دیا ہے۔
ادارے کے مطابق منظوری سے قبل ویکسین کے معیار، افادیت اور محفوظ ہونے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ویکسین ڈینگی وائرس کی چاروں اقسام کے خلاف تحفظ فراہم کرتی ہے اور تین ماہ کے دوران دو خوراکوں (دو انجیکشن) کی صورت میں دی جاتی ہے۔
جاپانی کمپنی ٹاکیڈا نے اس ویکسین کی تیاری اور فراہمی کے لیے بھارتی کمپنی بائیولوجیکل ای کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق Qdenga ویکسین کو اب تک 42 ممالک میں استعمال کی منظوری مل چکی ہے، جبکہ دنیا بھر میں اس کی 2 کروڑ 40 لاکھ سے زائد خوراکیں استعمال کی جا چکی ہیں اور اب تک اس کے کوئی نمایاں مضر اثرات رپورٹ نہیں ہوئے۔
واضح رہے کہ بھارت میں 2021 سے اب تک ڈینگی کے 10 لاکھ سے زائد کیسز اور 1500 سے زیادہ اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔
دوسری جانب بھارت اپنی سنگل ڈوز ڈینگی ویکسین کی تیاری پر بھی کام کر رہا ہے، جو کامیاب ہونے کی صورت میں دنیا کی پہلی ایک خوراک پر مشتمل ڈینگی ویکسین ہوگی۔