مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے ن لیگ نے آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے سادہ اکثریت حاصل کر لی ہے۔
وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا آزاد کشمیر میں شفاف انتخابات ہوئے، کشمیر کے عوام نے نواز شریف کے وژن کو ووٹ دیا جس پر کشمیر کی عوام کے شکر گزار ہیں اور تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا آزاد کشمیر میں ایک جمہوری اور عوامی مینڈیٹ سے حکومت بن رہی ہے، آزاد کشمیر کی آنے والی حکومت تمام عوامی مسائل کا حل یقینی بنائے گی، نواز شریف نے آزاد کشمیر کی عوام سے جو دعدے کیے ہیں ن لیگ انہیں پورا کرے گی۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے دوسرے مرحلےکے انتخابات: مسلم ليگ ن 13 اور پیپلزپارٹی 5 حلقوں پر کامیاب
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کے لیے سادہ اکثریت حاصل کر لی ہے، آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی 45 میں سے 23 نشستوں پر ن لیگ کامیابی حاصل کر چکی ہے، 10 تاریخ کو انتخابات کے تیسرے مرحلے کے فوری بعد پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے گا۔
رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا دوسرے مرحلے میں 20 نشستوں پر انتخابات ہوئے، مسلم لیگ ن نے 13 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ پیپلز پارٹی نے دوسرے مرحلے میں 3 نشستیں حاصل کیں، دھاندلی کا رونا رونے والے 7 میں سے صرف 3 نشستوں پر کامیاب رہے جبکہ مسلم لیگ ن نے مظفر آباد کی 4 نشستوں پر فتح حاصل کی۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا 12 مہاجر نشستوں میں سے 10 پر ن لیگ کامیاب رہی جبکہ پیپلز پارٹی نے مہاجرین کی دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔
وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے الزام لگایا کہ مظفرآباد میں پیپلز پارٹی کے لوگوں نے ایکشن کمیٹی کے ساتھ ملکر ایک چوک پر ہنگامہ کرایا، پولیس کے پہنچنے پر فائرنگ کی گئی، ایک شخص کی ہلاکت سے شہر میں خوف وہراس پھیلا، ٹرن آوٹ کم ہونے سے مسلم لیگ ن سٹی کی نشست ہاری۔
رانا ثنا اللہ نے چوہدری لطیف اکبر پر قاتلانہ حملے کی تردید کرتے ہوئے کہا مکے اور گالیوں کو قاتلانہ حملہ قرار دیا گیا، میڈیکل کرانے سے انکار کیا گیا، چوہدری لطیف اکبر کے حلقے کو ڈسٹرب کرنے کے لیے انہوں نے پورا زور لگایا، پہلے انہوں نے حلقے میں مجبورکرنےکی کوشش کی کہ سندھ پولیس کی ڈیوٹی لگائی جائے۔