اتوار : 16 دسمبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]’مغربی يروشلم کو اسرائيلی رياست کا دارالحکومت تسليم کرنا يکطرفہ فيصلہ ہے‘[/pullquote]

عرب ليگ کے سربراہ احمد ابو غيط نے آسٹريليا کی جانب سے مغربی يروشلم کو اسرائيلی رياست کا دارالحکومت تسليم کيے جانے پر تنقيد کی ہے۔ اتوار کو اپنے بيان ميں انہوں نے کہا کہ مغربی يروشلم کو اسرائيل کا دارالحکومت تسليم کرنے جبکہ مشرقی يروشلم کو فلسطين کا دارالحکومت تسليم نہ کرنے سے يہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ آسٹريليا کا فيصلہ يکطرفہ اور نا مکمل ہے اور اسی ليے رد عمل کا سبب بن سکتا ہے۔ انہوں نے آسٹريلوی حکومت سے مطالبہ کيا کہ وہ مشرقی يروشلم کو فلسطين کا دارالحکومت تسليم کريں۔ آسٹريلوی وزير اعظم اسکاٹ موريسن نے ايک روز قبل ہی اس بارے ميں اعلان کيا تھا۔

[pullquote]عراق میں داعش کے ہاتھوں تباہ ہونے والی مسجد کی تعمیر نو[/pullquote]

عراق میں اتوار کے روز اس قدیمی مسجد کی تعمیر نو کا کام شروع کر دیا گیا ہے، جسے دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے جہادیوں نے تباہ کر دیا تھا۔ شمالی عراقی شہر موصل کی النوری مسجد کو گزشتہ برس داعش کے جہادیوں نے اس وقت تباہ کیا تھا، جب وہ عراقی فورسز کی فوج کے خلاف برسرپیکار تھے۔ بارہویں صدی کی اس مسجد کی تعمیر نو کے لیے اقوام متحدہ کا ادارہ برائے ثقافت یونیسکو بھی مدد فراہم کر رہا ہے۔ متحدہ عرب امارات نے بھی اس مسجد کے لیے 50 ملین ڈالر ادا کیے ہیں۔

[pullquote]جرمنی میں رواں برس سیاسی پناہ کے متلاشی افراد کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے زائد[/pullquote]

برلن حکومت کا کہنا ہے کہ رواں برس کے اختتام تک جرمنی میں سیاسی پناہ کے لیے ایک لاکھ چھیاسٹھ ہزار نئی درخواستیں موصول ہو سکتی ہیں۔ حکام کے مطابق ان میں 30 ہزار ایسے بچے بھی شامل ہیں، جو مہاجرین کے ہاں جرمنی میں قیام کے دوران پیدا ہوئے۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس یہ تعداد ایک لاکھ اٹھانوے ہزار رہی تھی۔ جرمنی کی مخلوط حکومت نے ملک میں داخل ہونے والے مہاجرین کی تعداد کو ایک لاکھ اسی ہزار سے دو لاکھ بیس ہزار تک محدود رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔

[pullquote]خاشقجی کے قتل کی قابل اعتماد تفتيش لازمی، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے سيکرٹری جنرل انٹونيو گوٹيريش نے صحافی جمال خاشقجی کی استنبول ميں سعودی قونصل خانے ميں ہلاکت کی قابل بھروسہ تحقيقات پر زور ديا ہے۔ انہوں نے آج بروز اتوار دوحہ ميں ايک کانفرنس کے دوران کہا کہ قابل اعتماد تفتيش اور ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے تک لانا لازمی ہے۔ رياض حکومت اس سلسلے ميں انقرہ کی جانب سے شناخت کيے گئے مشتبہ ملزمان کو ترک حکام کے حوالے کرنے کو مسترد کرتی آئی ہے۔ کئی حلقے يہ مانتے ہيں کہ رياض حکومت کے ناقد واشنگٹن پوسٹ کے صحافی خاشقجی کے قتل ميں سعودی ولی عہد شہزادہ سلمان برا راست يا ان کے قريبی افراد ملوث تھے۔

[pullquote]حزب اللہ کی ايک اور سرنگ دريافت، اسرائيل[/pullquote]

اسرائيلی فوج نے دعویٰ کيا ہے کہ ايرانی حمايت يافتہ لبنانی جنگجو تنظيم حزب اللہ کی ايسی چوتھی سرنگ ڈھونڈ لی گئی ہے، جسے لبنان سے کھودا گيا تھا۔ فوج کے مطابق اس سرنگ کو تباہ کرنے کے ليے بارود بچھا ديا گيا ہے۔ يہ سرنگ اسرائيلی فوج کے پچھلے دو ہفتوں سے جاری آپريشن کے دوران شناخت کی گئی۔ حزب اللہ ان سرنگوں کو اسرائيلی سرزمين پر حملوں کے ليے استعمال کرتی آئی ہے۔ اسرائيل کی مطالبہ ہے کہ حزب اللہ کے خلاف تازہ پابندياں عائد کی جائيں۔

[pullquote]جرمنی: اس سياسی پناہ کی درخواستوں ميں کمی کا امکان[/pullquote]

جرمن حکومت کی توقع ہے کہ رواں سال ملک ميں جمع کرائی جانے والی سياسی پناہ کی درخواستوں کی تعداد پچھلے سال کے مقابلے ميں کم رہے گی۔ بلڈ اخبار نے جرمن حکومت کی ايک غير حتمی رپورٹ کے ذريعے سے لکھا ہے کہ رواں سال کے اختتام تک ملک ميں سياسی پناہ کی 166,000 درخواستيں جمع کرائی جا سکتی ہيں جبکہ پچھلے سال يہ تعداد 198,317 تھی۔ جرمن حکومت نے يہ طے کر رکھا تھا کہ حد سے حد سے 180,000 لے کر 220,000 کے درميان درخواستوں پر کارروائی کی جائے گی۔ جرمنی ميں تارکين وطن کا معاشی انضمام بھی توقع سے زيادہ تيز رفتاری سے جاری ہے اور اس وقت چار لاکھ پناہ گزين ملازمت کر رہے ہيں۔

[pullquote]عالمی ماحولیاتی کانفرنس: معاہدہ طے پا گیا[/pullquote]

عالمی ماحولیاتی کانفرنس کوپ 24 میں ایک نئے عالمی معاہدے پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔ پولینڈ کے جنوبی شہر کاٹوویٹس میں منعقدہ کانفرنس کے آخری روز دو سو ممالک کے مندوبین نے اس نئے معاہدے کی منظوری دی۔ معاہدے میں سن 2015 کی پیرس کلائیمیٹ ڈیل پر عملدرآمد کے طریقہ کار پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ہفتے کی شب منظور کیے گئے اس ایک سو چھپن صفحاتی معاہدے میں شامل ممالک ضرر رساں گیسوں کا اخراج کم کرنے اور انہیں مانیٹر کرنے کے طریقہ کار پر متفق ہو گئے ہيں۔ ڈیل کے مطابق غریب ممالک کو مالی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔

[pullquote]يمن: الحديدہ ميں تازہ جھڑپيں[/pullquote]

يمن ميں باغيوں کے زير قبضہ الحديدہ کے نواح ميں شديد جھڑپوں کی اطلاع ہے۔ يہ جھڑپيں ہفتے اور اتوار کی درميانی شب ہوئيں۔ حکومتی فورسز کے مطابق جھڑپوں ميں انتيس جنگجو مارے گئے، جن ميں بائيس حوثی باغی تھے۔ يہ تازہ تشدد ايک موقع پر رونما ہوا، جب اقوام متحدہ کے جنگ بندی کے ايک حاليہ معاہدے پر ايک روز قبل ہی عملدرآمد شروع ہوا تھا۔ حوثی باغی الزام عائد کرتے ہيں کہ سرکاری دستوں نے الحديدہ ميں رہائشی علاقوں پر بمباری شروع کی۔ اقوام متحدہ کے مطابق تين سال سے زائد عرصے سے جاری يمنی جنگ ميں دس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہيں۔

[pullquote]شام: ہجين پر حملے ميں اسلامک اسٹيٹ کی پناہ گاہ تباہ[/pullquote]

امريکی قيادت ميں کوليشن فورسز نے شامی شہر ہجين کی ايک مسجد ميں قائم اسلامک اسٹيٹ کی ايک اہم پناہ گاہ تباہ کرنے کا دعوی کيا ہے۔ کوليشن فوج کے ايک اتوار کو جاری کردہ بيان کے مطابق اس کمانڈ سينٹر ميں بھاری اسلحے سے ليس کم از کم سولہ مشتبہ جنگجو مارے گئے۔ بيان ميں مزيد کہا گيا ہے کہ داعش کے جنگجو اس مقام پر حملوں کی منصوبہ بندی کرتے اور احکامات جاری کرتے تھے۔ شام ميں ہجين کو داعش کا آخری گڑھ مانا جاتا ہے۔

[pullquote]اٹلی میں مہاجرین کے حقوق کے لیے مظاہرہ[/pullquote]

اطالوی دارالحکومت روم میں ہزاروں مظاہرین نے ملک میں مہاجر مخالف قوانین کے خلاف مظاہرہ کيا۔ ہفتے کی شب فرانس میں جاری ’ییلو ویسٹ‘ مظاہروں کی طرز پر کیے گئے اس مظاہرے میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔ ان مظاہروں کا انعقاد بائیں بازو کی اطالوی سیاسی جماعتوں کے اتحاد یو ایس بی نے کیا تھا۔ مظاہرین میں ہزاروں مہاجرین اور تارکین وطن بھی شامل تھے۔ اٹلی کے وزیر داخلہ اور نائب وزیر اعظم ماتیو سالوینی نے گزشتہ ماہ اٹلی میں تارکین وطن کے حوالے سے نئے اور سخت قوانین متعارف کرائے تھے۔ ناقدین کے مطابق ان قوانین کے باعث ہزاروں تارکین وطن حکومت کی جانب سے فراہم کردہ رہائش گاہوں سے نکال دیے جانے کے بعد سڑکوں پر رہنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

[pullquote]کشمير ميں مظاہروں اور ہلاکتوں کے بعد تين روزہ ہڑتال[/pullquote]

بھارتی زير انتظام کشمير ميں آج عام ہڑتال ہے۔ ممکنہ ناخوشگوار واقعات سے نمٹنے کے ليے خطے ميں پوليس اور نيم فوجی دستوں کی بھاری نفری تعينات ہے۔ حکام نے سری نگر جيسے بڑے شہروں ميں انٹرنيٹ کا کنکشن بند کر ديا ہے جبکہ ٹرين سروس بھی معطل ہے۔ ايک روز قبل پر تشدد واقعات کے بعد عليحدگی پسندوں نے آج سے تين روزہ سوگ و ہڑتال کی کال جاری کر رکھی ہے۔ گزشتہ روز بھارتی زير انتظام کشمير ميں مظاہروں اور پر تشدد واقعات ميں سات شہری ہلاک اور تين درجن سے زائد افراد زخمی ہو گئے تھے۔ بھارتی فوج کی کارروائی ميں تين مشتبہ باغی اور ايک فوجی بھی ہلاک ہوگئے تھے۔

[pullquote]نکاراگوا میں صحافیوں کے خلاف کریک ڈاؤن[/pullquote]

وسطی امریکی ملک نکاراگوا میں پولیس کے تشدد کے باعث سات صحافی زخمی ہو گئے۔ یہ صحافی صدر ڈینیئل اورٹیگا پر تنقید کرنے والے میڈیا کے خلاف پولیس کے کریک ڈاؤن پر مظاہرہ کر رہے تھے۔ نکاراگوا کے صدر کے خلاف پر تشدد عوامی مظاہروں کا سلسلہ کئی ماہ سے جاری ہے جس میں اب تک سینکڑوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ماناگوا حکومت نے مظاہروں کی کووریج کرنے والے آزاد صحافتی اداروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر رکھا ہے۔ انسانی حقوق اور صحافیوں کی عالمی تنظیموں نے نکاراگوا میں صحافیوں پر تشدد کی مذمت کی ہے۔

[pullquote]یوکرائن میں روس سے الگ آرتھوڈوکس چرچ کا قیام[/pullquote]

یوکرائن میں نیا قومی آرتھوڈوکس چرچ قائم کر دیا گیا ہے۔ یوکرائنی صدر پیٹرو پوروشینکو نے قومی آرتھوڈوکس چرچ کے قیام کو ’روس سے مکمل آزادی‘ کے مساوی قرار دیا ہے۔ روس کے ساتھ کشیدگی کے بعد کییف حکومت روسی آرتھوڈوکس کلیسا سے علیحدگی کے لیے کوشاں تھی۔ یوکرائن میں تین مرکزی کلیساؤں میں سے دو قومی کلیسا کے حق میں تھے۔ روس نواز سمجھے جانے والے تیسرے کلیسا کے محض دو نمائندے ہفتے کے روز منعقدہ اجلاس میں شریک ہوئے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے