کیلیفورنیا: پیغام رسانی کی مقبول ترین ایپ ’واٹس ایپ‘ نے صارفین کی ایک دیرینہ مشکل کو آسان کردیا۔
عمومی طور پر کوئی بھی واٹس ایپ یوزر گروپ بنا کر بغیر اجازت کسی بھی صارف کو ایڈ کرتا تھا جس پر صارفین سخت ناپسندیدگی کا اظہار کرتے تھے اور بلااجازت کسی انجان گروپ میں زبردستی ایڈ ہونے کے معاملے پر میسجنگ ایپ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے تھے۔
اب واٹس ایپ نے اس پریشانی کا حل پیش کردیا ہے، ایڈمن کنٹرول کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ واٹس ایپ نے صارف کو گروپس میں ایڈ ہونے یا نہ ہونے کا اختیار دے دیا ہے، اس نئی اپ ڈیٹ کی وجہ سے کسی کو گروپ میں ایڈ کرنے کےلیے صارف کی اجازت درکار ہوگی۔
اگر آپ بھی اس فیچر کو استعمال کرنا چاہتے ہیں تو واٹس ایپ’ سیٹنگز‘ میں جانے کے بعد ’اکاؤنٹ‘ پر کلک کریں، نئی ونڈو کھلنے پر ’پرائیویسی‘ پر کلک کریں ، نئے صفحے پر آپ کو تین آپشنز دیے جائیں گے۔
جب آپ ’No Boddy‘ کا انتخاب کریں گے تو کوئی بھی آپ کوازخود گروپ میں ایڈ کرنے کا مجاز نہیں ہوگا، دوسرا آپشن ’My Contact‘ ہے جس کے ذریعے ایڈریس بک میں موجود یوزرز کو آپ گروپ میں ایڈ کرسکتے ہیں جب کہ ’Everyone‘ آپشن پر صارف کی جانب سے کسی قسم کی اجازت درکار نہیں ہوگی۔