پیر : 13 مئی 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]سویڈن : آسانج کے خلاف مقدمے کی کارروائی دوبارہ سے شروع[/pullquote]

سویڈن کے دفتراستغاثہ نے وکی لیکس کے بانی جولیان آسانج کے خلاف دوبارہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ملکی مستغیث اعلٰی ایفا ماریا پیرسون کے مطابق 2017ء میں جنسی زیادتی کے اس مقدمے کی روک دی جانے والی تحقیقات کو اب مکمل کیا جائے گا۔ آسانج پر الزام ہے کہ انہوں نے 2010ء میں ایک سویڈش خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ وکی لیکس کے مطابق یہ نیا تفتیشی عمل آسانج کے لیے خود کو بے گناہ ثابت کرنے کا ایک موقع بھی ہے۔ آسانج ان الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔

[pullquote]فیس بک نے کئی اطالوی اکاؤنٹس بند کر دیے[/pullquote]

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک نے کئی اطالوی اکاؤنٹس بند کر دیے ہیں۔ غیر سرکاری تنظیم ’Avaaz‘ کے مطابق ان میں سے زیادہ تر اکاؤنٹس ملک کی عوامیت پسند حکومت کی حمایت کر رہے تھے۔ ساتھ ہی ان کے ذریعے مہاجرین، یہودیوں اور ویکسین کے بارے میں بے بنیاد خبریں بھی عام کی جا رہی تھیں۔ ان اکاؤنٹس کے صارفین کی تعداد پچیس لاکھ کے لگ بھگ ہے۔ دس دن بعد شروع ہونے والے یورپی انتخابات کے تناظر میں فیس بک پر شدید دباؤ ہے۔ حکام کو شک ہے کہ اس سماجی ویب سائٹ کے ذریعے لوگوں کی رائے پر اثر انداز ہوا جا سکتا ہے۔

[pullquote]ریڈار سگنلز سے متعلق بیان پر بھارتی وزیر اعظم پر تنقید[/pullquote]

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پاکستان میں فضائی حملوں سے متعلق بیان دینے پر شدید تنقید کی زد میں ہیں۔ ملکی حزب اختلاف کے مطابق مودی کو اس بارے میں علم ہی نہیں ہے کہ بادل ریڈار کے سگنلز میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالتے۔ نریندر مودی نے حال ہی کہا تھا کہ ابر آلود موسم کی وجہ سے بھارتی طیارے پاکستانی ریڈار میں آنے سے بچ جائیں گے۔ مودی نے اپنی انتخابی مہم کے دوران متعدد مرتبہ اس فضائی کارروائی کا ذکر کیا ہے۔ بھارت میں عام انتخاب انیس مئی تک جاری رہیں گے۔

[pullquote]ترک فوج کی اب تک کی سب سے بڑی مشقیں[/pullquote]

ترک فوج نے بحیرہ ایجیئن، بحیرہ روم اوربحیرہ اسود میں اب تک کی اپنی سب سے بڑی جنگی مشقیں شروع کر دی ہیں۔ ترک وزارت دفاع کے مطابق ’سی وولف‘ نامی ان مشقوں میں تقریباً چھبیس ہزار فوجی، ایک سو سے زائد بحری جہاز، ہیلی کاپٹر اور ڈرون طیارے حصہ لے رہے ہیں۔ اس میں بری، فضائیہ اور بحریہ کے دستے آپس میں اپنے تعاون کی جانچ پڑتال کر رہے ہیں۔ رواں برس کے دوران ترک فوج کی دوسری بڑی مشقیں ہیں۔

[pullquote]یورپی کمشنر نے یورپی انتخابات سے قبل افواہوں اور غلط خبروں سے خبردار کیا ہے[/pullquote]

یورپی یونین کی کمشنر برائے انصاف وژیرا ژوروا نے یورپی انتخابات سے قبل افواہیں اور غلط خبریں پھیلانے کی منظم مہم سے خبردار کیا ہے۔ ژوروا کے مطابق اس طرح کی کوششیں یورپی انتخابات کے حوالے سے یورپی شہریوں پر اثر انداز ہو سکتی ہیں۔ ان کے بقول اس بات کی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ کچھ رکن ممالک کے نتائج کو سازش کے تحت تبدیل کیا جائے۔ یورپی یونین میں خارجہ امور کے ادارے کا ایک مخصوص شعبہ 2015ء سے روس کی جانب سے پھیلائی جانے والی افواہوں کی روک تھام کے لیے کام کر رہا ہے۔

[pullquote]خلیج عمان میں چار بحری جہازوں کو تباہ کرنے کی کوشش[/pullquote]

خلیج عمان میں تیل کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والے چار بحری جہازوں کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ سعودی عرب کے وزیر توانائی کے مطابق نشانہ بننے والے چار میں سے دو سعودی جہاز تھے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ حملہ متحدہ عرب امارات میں الفجیرہ کی اس بندرگاہ کے نزدیک کیا گیا، جو آبنائے ہرمز کے قریب واقع ہے۔ اس موقع پر تہران حکومت نےاس واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ تہران کے مطابق اس تناظر میں الزام تراشی خطے کی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ آبنائے ہرمز تیل اور گیس کی ترسیل کی اہم ترین بحری گزر گاہ ہے۔

[pullquote]یورپی یونین ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کی حمایت جاری رکھے گی، موگیرینی[/pullquote]

یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیدیریکا موگیرینی ایران کے ساتھ طے پانے والے جوہری معاہدے پر عمل درآمد کے حق میں ہیں۔ موگیرینی نے آج پیر کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ یورپی یونین اپنی تمام تر کوششوں اور سیاسی عزائم کے ساتھ اس معاہدے کی حمایت جاری رکھے گی۔ ان کےبقول یورپی یونین یہ بھی چاہتی ہے کہ اس معاملے پر حریف ممالک کے مابین کسی قسم کی مزید اشتعال انگیزی پیدا نہ ہو۔ موگیرینی نے اپنا یہ بیان جرمنی، فرانس اور برطانیہ کے وزراء خارجہ سے اپنی ملاقات سے قبل دیا۔

[pullquote]برلن میں ماحولیات کے موضوع پر دو روزہ اجلاس[/pullquote]

جرمن دارالحکومت برلن میں آج پیر سے ماحولیات کے موضوع پر دو روزہ اجلاس شروع ہو گیا ہے۔ جرمن وزیر ماحولیات سوینیا شلزے نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی کو اس سال کے دوران تحفظ ماحول کے ایک ٹھوس و با اثر معاہدے کو منظور کرنا ہو گا۔ تحفظ ماحول کے اپنے اہداف کے حصول میں ناکامی پر برلن حکومت پر شدید دباؤ ہے۔ ’پیٹرز برگر ڈائیلاگ‘ کہلانے والے ان مذاکرات میں پینتیس ممالک کے وزراء شرکت کر رہے ہیں۔ اس کا مقصد پیرس میں طے پانے والے تحفظ ماحول کے معاہدے پر عملدرآمد سے متعلق مشاورت ہے۔

[pullquote]’فانی‘ سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ[/pullquote]

مشرقی بھارت اور بنگلہ دیش میں آنے والے سمندری طوفان ’فانی‘ کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد ستتر تک پہنچ گئی ہے۔ حکام نے آج پیر کے روز بتایا کہ اس قدرتی آفت سے بھارت میں چونسٹھ اور بنگلہ دیش میں تیرہ افراد ہلاک ہوئے۔ ساتھ ہی بجلی اور پانی کی سہولت سے تاحال محروم لاکھوں افراد کے غم و غصے میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ’فانی‘ نامی اس طوفان نے تین مئی کو مشرقی بھارتی ریاست اڑیسہ میں شدید تباہی پھیلائی تھی۔ یہ گزشتہ تینتالیس برسوں کے دوران موسم گرما میں ان ساحلی علاقوں سے ٹکرانے والا پہلا سمندری طوفان تھا۔

[pullquote]ٹرمپ آج متنازعہ یورپی سیاستدان وکٹور اوربان سے مل رہے ہیں[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج پیر کو وائٹ ہاؤس میں ہنگری کے وزیر اعظم وکٹور اوربان کے ساتھ ایک ملاقات کر رہے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے ذرائع کے مطابق اس موقع پر دونوں رہنما تجارت، سائبر سکیورٹی اور دفاع سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ دائیں بازو کے قوم پرست رہنما اوربان کو یورپ میں ایک متنازعہ سیاستدان سمجھا جاتا ہے۔ یورپی انتخابات سے صرف دس دن قبل اوربان جیسے آمرانہ طرز کے حکمران کو ایک اضافی سیاسی میدان مہیا کرنے پر امریکی صدر ٹرمپ پر تنقید کی جا رہی ہے۔

[pullquote]داعش کا ساتھ دینے والوں کو اجتماعی طور پر قبول نہیں کیا جائے گا، جرمن وزیر[/pullquote]

جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر نے ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کا ساتھ دینے والے جرمن شہریوں اور ان کے اہل خانہ کی اجتماعی واپسی کے امکان کو رد کر دیا ہے۔ زیہوفر کے مطابق ہر کیس کی انفرادی سطح پر جانچ پڑتال کی جائے گی تا کہ ایسے افراد کی دیگر ممالک میں شناخت اور ممکنہ مجرمانہ کارروائیوں کا پتہ چلایا جا سکے۔ وزیر داخلہ کے بقول یہ بنیادی طریقہ کار خواتین اور بچوں پر بھی لاگو ہو گا۔ انہوں نے تاہم ان الزامات کو مسترد کر دیا کہ جرمنی شامی جیلوں میں داعش کا ساتھ دینےکے الزام میں قید اپنے شہریوں کو واپس قبول نہیں کرنا چاہتا۔

[pullquote]سری لنکا میں مسلم مخالف فسادات کے بعد کرفیو، سوشل میڈیا پر پابندی[/pullquote]

سری لنکا میں مسلم مخالف فسادات کے بعد سوشل میڈیا پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ یہ فسادات اس وقت شروع ہوئے جب چیلاو نامی قصبے کے ایک مسلم دکاندار نے فیس بک پر لکھا، ’’بہت ہنسو مت، ایک روز تم روؤ گے۔‘‘ اس فیس بک پوسٹ کو تاہم مقامی مسیحی باشندوں نے ایک ایسی دھمکی سمجھا تھا، جس کا مطلب کوئی نیا حملہ ہو سکتا تھا۔ بعد ازاں نہ صرف اس دکان پر حملہ کیا گیا بلکہ ایک قریبی مسجد کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔ حکام نےعلاقے میں پیر کی صبح تک کا کرفیو بھی لگا دیا گیا تھا۔

[pullquote]امریکی وزیر خارجہ پومپیو آج برسلز پہنچ رہے ہیں[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو یورپی حکام سے ملاقات کرنے آج پیر کو بیلجیم پہنچ رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اس دوران ایران اور دیگر موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ پومپیو بعد ازاں روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاورف سے بات چیت کے لیے سوچی روانہ ہو جائیں گے۔ روس کا یہ ان کا پہلا دورہ ہو گا۔ اس دوران پومپیو دنیا بھر میں ’جارحانہ صورت حال اور عدم استحکام‘ کا باعث بننے والے روسی اقدامات پر بات چیت کریں گے۔

[pullquote]لیٹویا میں صدارتی انتخابات کا پہلا مرحلہ نئے سیاستدان نے جیت لیا[/pullquote]

لیٹویا میں صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں گیتانس ناؤسیڈا کو معمولی برتری حاصل ہوئی ہے۔ ملکی انتخابی کمیشن کے مطابق ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد ناؤسیڈا کو اکتیس فیصد جبکہ ان کی حریف انگریڈا شیمونیٹے کو تیس فیصد ووٹ ملے۔ ناؤسیڈا نے ابھی حال ہی میں سیاست میں قدم رکھا تھا جبکہ قدامت پسند شیمونیٹے ملکی وزیر مالیات رہ چکی ہیں۔ دونوں امیدواروں کے مابین دوسرا اور حتمی انتخابی مقابلہ چھبیس مئی کو ہو گا۔

[pullquote]برلن میں ماحولیات کے موضوع پر دو روزہ اجلاس[/pullquote]

جرمن دارالحکومت میں آج پیر سے ماحولیات کے موضوع پر ایک دو روزہ اجلاس شروع ہو رہا ہے۔ ’پیٹرزبرگر ڈائیلاگ‘ کہلانے والے ان مذاکرات میں مختلف ممالک کے پینتیس وزراء شرکت کر رہے ہیں۔ اس کا مقصد پیرس میں طے پانے والے تحفظ ماحول کے معاہدے سے متعلق مشاورت ہے۔ ساتھ ہی اس دوران آئندہ دسمبر میں چلی میں ہونے والے اقوام متحدہ کے عالمی ماحولیاتی اجلاس کی تیاری بھی کی جائے گی۔ تحفظ ماحول کے حوالے سے اپنے اہداف کے حصول میں ناکامی پر برلن حکومت پر شدید دباؤ ہے۔

[pullquote]سعودی عرب کے دو تیل بردار بحری جہازوں پر حملہ، کوئی نقصان نہیں ہوا[/pullquote]

تیل کی ترسیل کے دوسعودی بحری جہازوں پر حملہ کیا گیا ہے۔ سعودی وزیر تیل خالد الفالح کے مطابق یہ حملہ متحدہ عرب امارات میں الفجیرہ کی اس بندرگاہ کے نزدیک کیا گیا، جو آبنائے ہرمز کے قریب واقع ہے۔ انہوں نے اسے تیل کی بین الاقوامی ترسیل کو نقصان پہنچانے کی ایک کوشش قرار دیا۔ ان حملوں میں کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ابھی تک یہ بھی معلوم نہیں کہ اس واقعے کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے۔ آبنائے ہرمز تیل اور گیس کی ترسیل کی اہم ترین بحری گزر گاہ ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے