کراچی: شہر قائد میں گرمی کی ایک اور لہر آنے کا امکان ہے اور اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے ‘ہیٹ ویو’ الرٹ جاری کردیا۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق کراچی میں گرمی کی لہر ہفتے سے پیر تک رہے گی جس کے دوران درجہ حرارت 39 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ہفتے سے پیر تک دن کے اوقات میں سمندری ہوائیں بھی بند ہونے کا امکان ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ آج اور کل پارہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
احتیاطی تدابیر:
شہری ہیٹ ویو سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور اگر گھر سے نکلیں تو سر کو ڈھانپ کر رکھیں۔
ماہرین اور ڈاکٹروں کے مطابق سر اور جسم کے دیگر حصوں پر گیلا کپڑا لپیٹنے سے بھی گرمی کا احساس کم ہوتا ہے۔
شدید گرمی کے موسم میں ہلکے رنگ اور ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہننا گرمی کے احساس میں کمی کے لیے مددگار ہوتے ہیں۔