لاہور: آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اور رمضان شوگر ملز کیس میں نیب نے شہبازشریف کی حاضری سے معافی کی درخواست مسترد کرنے اور وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کردی۔
لاہور کی احتساب عدالت میں آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم اور رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے عدالت میں حاضری لگائی جس کے بعد جانے کی اجازت ملنے پر وہ عدالت سے روانہ ہوگئے۔
دورانِ سماعت مسلم لیگ (ن) کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ 11 جون کو شہبازشریف وطن واپس لوٹیں گے۔
جب کہ نیب نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی عدالت سے حاضری معافی سے متعلق احتساب عدالت میں جواب جمع کروادیا جس میں کہا گیاہے کہ شہباز شریف کے تمام میڈیکل ٹیسٹ پاکستان میں ہوسکتے ہیں اور ان کا علاج بھی پاکستان میں ممکن ہے۔
نیب نے اپنے جواب میں کہا ہےکہ شہباز شریف کھلے عام لندن کی سڑکوں پر گھوم رہے ہیں، ادھر علاج کا بہانہ بنا کر حاضری معافی کی درخواستیں دی جا رہی ہیں، عدالت فوری شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست مسترد کرے اور ان کے ورانٹ گرفتاری جاری کرے۔