عامر کی شاندار بولنگ، آسٹریلیا 307 پر آؤٹ

ٹاؤنٹن : بہتر آغاز ملنے کے باوجود آسٹریلیا کی ٹیم محمد عامر کی شاندار بولنگ کے باعث 49 اوورز میں 307 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

محمد عامر نے اپنے کیریئر کی شاندار بولنگ کرتے ہوئے پہلی مرتبہ ایک روزہ میچوں میں 5 وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کیا اور آسٹریلیا کو 307 رنز تک محدود کیا۔

ٹاؤنٹن کے کاؤنٹی کرکٹ گراؤنڈ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور کہا کہ پچ پر گھاس اور نمی کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔

سرفراز کی منصوبہ بندی کے برعکس آسٹریلیا کو ڈیوڈ وارنر اور ایرون فنچ نے بہترین آغاز فراہم کیا اور دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 146 رنز بنائے۔ ایرون فنچ کو محمد عامر نے شکار کرکے پاکستان کو پہلی وکٹ دلائی۔

اس دوران پاکستان کی فیلڈنگ انتہائی ناقص رہی اور کئی کیچ ڈراپ کرنے کے ساتھ ساتھ کئی مواقع پر مِس فیلڈنگ کا بھی مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔

آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 29 ویں اوور میں 189 رنز پر گری۔ اس موقع پر ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ آسٹریلیا باآسانی 350 رنز بنا لے گا لیکن پاکستانی بولرز اور فیلڈرز کا رویہ یکسر تبدیل ہوا اور پاکستان میچ میں واپس آتا دکھائی دیا۔

42 ویں اوورز میں آسٹریلیا کا اسکور 5 وکٹوں کے نقصان پر 288 تھا مگر پاکستانی بولرز نے آخری سات اوورز میں صرف 19 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں اور دفاعی چیمپیئن کو 307 رنز پر آؤٹ کر دیا۔

آسٹریلیا جانب سے ڈیوڈ وارنز 107 اور ایرون فنچ نے 82 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ پاکستان کی جانب سے محمد عامر 30 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔ یہ عامر کے ون ڈے کیریئر میں پہلا موقع تھا جب انہوں نے پانچ کھلاڑی آؤٹ کیے۔

اس میچ میں پاکستان ٹیم میں ایک اور آسٹریلوی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، اسپنر شاداب خان کی جگہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی گرین شرٹس میں شامل ہیں، جب کہ انجری کے شکار مارکس اسٹوئنس اور ایڈم زمپا کی جگہ شان مارش اور کین رچرڈسن کو گیارہ رکنی آسٹریلوی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

ٹیم پاکستان کے ٹورنامنٹ کی سب سے مضبوط ٹیم انگلینڈ کو زیر کرنے کے بعد حوصلے بلند ہیں، بیٹسمین فارم میں ہیں بولرز بھی ردھم حاصل کرچکے ہیں۔

قومی ٹیم امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، کپتان سرفراز احمد، شعیب ملک، آصف علی، وہاب ریاض، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور محمد عامر پر مشتمل ہے۔

آسٹریلوی ٹیم میں ڈیوڈ وارنر، کپتان ایرون فنچ، عثمان خواجہ، اسٹیون اسمتھ، شان مارش، گلین میکسویل، الیکس کیری، نیتھن کولٹر نیل، پیٹ کمنس، مچل اسٹارک اور کین رچرڈسن شامل ہیں۔

میگا ایونٹ میں دونوں ٹیمیں اب تک 9 بار آمنے سامنے آئی ہیں اور آسٹریلوی ٹیم کا پلڑا بھاری رہا ہے، گرین شرٹس نے 4 اور کینگروز نے 5 میچز میں کامیابی سمیٹی۔

گزشتہ روز کی بارش کے بعد ٹاؤنٹن میں موسم خشک اور سرد ہے جب کہ شہر میں ہوائیں چل رہی ہیں اور درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو آسٹریلوی ٹیم 4 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جبکہ پاکستان 3 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے