[pullquote]جاپانی وزیراعظم تہران پہنچ گئے[/pullquote]
جاپانی وزیراعظم شینزو آبے اپنے دو روزہ دورے پر تہران پہنچ گئے ہیں۔ ان کے اس دورے کا مقصد ایران اور امریکا کے مابین جاری کشیدگی میں کمی لانا بتایا گیا ہے۔ وہ جاپان کے ایسے پہلے وزیراعظم ہیں، جو گزشتہ اکتالیس برسوں کے دوران اس ملک کا دورہ کر رہے ہیں۔ وہ آج بروز بدھ صدر حسن روحانی جبکہ جمعرات کو سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات کریں گے۔ جاپان امریکی پابندیوں سے پہلے تک ایرانی تیل کا ایک اہم خریدار رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ تہران اور واشنگٹن کے مابین ثالث کا کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔
[pullquote]ابہا کے ہوائی اڈے پر حملے میں ایرانی گارڈز ملوث ہیں، سعودی عرب[/pullquote]
سعودی عرب نے ابہا کے ہوائی اڈے پر ہونے والے حملے کا الزام ایرانی پاسداران انقلاب پر عائد کیا ہے۔ سعودی حکام کے مطابق یمن کے حوثی باغیوں نے پاسدران انقلاب کی جانب سے مہیا کیے جانے والے اسلحے سے اس ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا ہے۔ دوسری جانب مصر نے اس صورتحال میں ریاض حکومت کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ساتھ ہی قاہرہ نے سعودی سرزمین پر ہر طرح کے حملے فوری طور پر روکنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ آج صبح ابہا کے ہوائی اڈے پر کیے گئے میزائل حملے میں چھبیس افراد زخمی ہوئے تھے۔ حوثی باغیوں نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
[pullquote]روسی صدر کے ناقد ناوالنی ایک بار پھر گرفتار[/pullquote]
روسی حکومت کے ناقد الیکسی ناوالنی کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس خبر کی ناوالنی کی ترجمان نے ٹویٹر کے ذریعے تصدیق کر دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ناوالنی کو ایک ایسے احتجاجی مظاہرے سے گرفتار کیا گیا، حکام کی جانب سے جس کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ غیر سکاری تنظیم ’ او وی ڈی‘ کے مطابق اہم راز افشا کرنے والے صحافی ایوان گولونوف کے حق میں کیے جانے والے مظاہرے میں چار سو سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اس بیان میں بتایا گیا کہ ماسکو میں ہونے والے اس مظاہرے میں ایک ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔
[pullquote]مصر میں ٹریفک حادثہ، کم از کم 12 افراد ہلاک[/pullquote]
مصری دارالحکومت کے جنوب میں پیش آنے والے ایک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں کم از کم بارہ افراد ہلاک اور دیگر گیارہ زخمی ہو گئے ہیں۔ مصر کے سرکاری میڈیا نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ مصر میں ٹریفک حادثات معمول کی بات ہیں۔ اس کی وجوہات لا پروائی اور سڑکوں کی خراب صورتحال ہے۔ گزشتہ برس مصر میں آٹھ ہزار سے زائد ٹریفک حادثات کے نتیجے میں تقریباً تین ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔
[pullquote]یوگنڈا میں ایبولا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ[/pullquote]
افریقی ملک یوگنڈا نے اعلان کیا ہے کہ بدھ بارہ جون کو ایبولا وائرس میں مبتلا دو مزید مریض ہسپتال لائے گئے ہیں۔ ان میں ایک تین سالہ بچہ اور اس کی دادی شامل ہیں۔ جمہوریہ کانگو میں ایبولا وائرس کی وباء پھوٹنے کے بعد اس وائرس کی موجودگی کسی اور ملک میں پہلی مرتبہ پائی گئی ہے۔ دوسری جانب یوگنڈا میں ایبوبلا وائرس کی موجودگی سے عام لوگوں میں خوف و ہراس پیدا ہو گیا ہے۔ کانگو سے یوگنڈا میں ایبولا وائرس ایک پانچ سالہ بچہ لے کر داخل ہوا تھا۔ اس بچے سمیت دو دیگر افراد ایبولا میں مبتلا ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں۔
[pullquote]سوڈانی فوجی کونسل اور اپوزیشن کے درمیان یو اے ای کا فعال رابطہ[/pullquote]
خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور انور قرقاش نے کہا کہ ان کا ملک سوڈانی اپوزیشن اور فوجی کونسل کے درمیان رابطہ بحال رکھے ہوئے ہے۔ قرقاش نے اس مناسبت سے کیے گئے ٹویٹ میں کہا کہ یو اے ای سوڈان کے استحکام میں دلچسپی رکھتا ہے اور چاہتا ہے کہ اقتدار کی منتقلی کا عمل پرامن انداز میں مکمل ہو۔ یہ ابھی تک واضح نہیں کہ یو اے ای سوڈان کی سیاسی عدم استحکام کی صورت حال کو بہتر کرنے میں کیا خاص کردار ادا کر رہا ہے۔ سوڈانی اپوزیشن نے پیر تین جون کے فوجی کریک ڈاؤن کے بعد عبوری ملٹری کونسل کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔
[pullquote]افغانستان: سڑک کنارے نصب بم کے پھٹنے سے چھ افراد ہلاک[/pullquote]
افغان سکیورٹی ذرائع کے مطابق جنوبی صوبے قندھار میں سڑک کنارے نصب ایک بم کے پھٹنے سے کم از کم چھ عام شہری مارے گئے ہیں۔ یہ افراد ایک گاڑی میں سوار اپنی منزل کی جانب روانہ تھے کہ اُن کی گاڑی بم پھٹنے سے تباہ ہو گئی۔ بم قندھار کے ضلع ڈنڈ میں منگل گیارہ جون کی شام میں پھٹا۔ قندھار کی صوبائی کونسل کے رکن یوسف یونسی کے مطابق تمام ہلاک شدگان ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ کسی عسکری گروپ نے بم نصب کرنے کی ذمہ داری ابھی تک قبول نہیں کی ہے۔ دوسری جانب شمال مشرقی صوبے تخار میں افغان فوج نے ضلع خوجہ غور کی چیک پوسٹ پر کیے گئے طالبان کے حملے کو پسپا کر دیا ہے۔
[pullquote]یمن: ہیضے کی وباء میں شدت[/pullquote]
خانہ جنگی کے شکار ملک یمن میں ہیضے کی وباء کے شدید ہونے کا بتایا گیا ہے۔ اس ملک میں ہیضے کی وبائی صورت سن 2015 سے پیدا ہے۔ عالمی ادارہٴ صحت کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق یمن میں سات لاکھ چوبیس ہزار افراد ہیضے سے متاثر ہیں۔ رپورٹ کے مطابق رواں برس 1135 انسان اس بیماری میں مبتلا ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں۔ یمنی حالات کی وجہ سے ایک کروڑ افراد کو قحط کے خطرے کا بھی سامنا ہے۔ ان افلاس زدہ اور بے گھر افراد کو صاف پانی کی کمیابی کی وجہ سے ہیضے کی وباء کا سامنا ہے۔
[pullquote]جاپانی وزیراعظم ایران پہنچ گئے[/pullquote]
جاپان کے وزیر اعظم شینزو آبے دو روزہ دورے پر آج بدھ کو ایرانی دارالحکومت پہنچ گئے ہیں۔ تہران کے ہوائی اڈے پر آبے کا استقبال وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کیا۔ قبل ازیں ٹوکیو حکومت کے اعلان کے مطابق آبے آج ایرانی صدر حسن روحانی اور کل جمعرات کو سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔ جاپانی وزیراعظم نے ٹوکیو سے روانہ ہوتے وقت کہا کہ دونوں ممالک کے روایتی دوستانہ تعلقات کے تناظر میں وہ خطے میں پائی جانے والی کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش کریں گے۔ آبے نے منگل گیارہ جون کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو بھی کی تھی۔ گزشتہ اکتالیس برسوں میں کسی جاپانی وزیر اعظم کا یہ پہلا ایرانی دورہ ہے۔
[pullquote]حوثی باغیوں کا میزائل حملہ، سعودی عرب میں دو درجن سے زائد افراد زخمی[/pullquote]
سعودی عرب کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد نے کہا ہے کہ حوثی باغیوں کے میزائل حملے میں کم از کم چھبیس شہری زخمی ہوئے ہیں۔ یہ حملہ سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے پر کیا گیا۔ میزائل حملے کا نشانہ ابہا ہوائی اڈہ تھا۔ سعودی عسکری اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی کے مطابق آٹھ شدید زخمی شہری ہسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ بقیہ اٹھارہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے۔ قبل ازیں یمنی باغیوں کی تنظیم حوثی ملیشیا نے کہا تھا کہ کہ میزائل سے سعودی عرب کے پہاڑی سیاحتی مقام کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
[pullquote]گھانا میں دو مغوی کینیڈین خواتین کی بازیابی[/pullquote]
افریقی ملک گھانا کی فوج نے اُن دو مغوی کینیڈین خواتین کو رہا کرا لیا ہے، جنہیں گزشتہ ہفتے کے دوران اُس وقت اغوا کیا گیا تھا جب وہ اپنے ہوسٹل کے باہر کھڑی تھیں۔ اغوا کی یہ واردات گھانا کے دوسرے بڑے شہر کُوماسی میں ہوئی تھی۔ ان خواتین کی بازیابی کی تصدیق گھانا حکومت نے کر دی ہے۔ ان خواتین کی عمریں انیس اور بیس برس کے درمیان ہیں اور یہ ایک خیراتی ادارے یوتھ چیلنج انٹرنیشنل کے ساتھ وابستہ ہیں۔ گھانا حکومت نے اغوا کاروں کے بارے میں کوئی تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق کُوماسی میں گزشتہ ماہ ایک بھارتی شہری کو بھی اغوا کیا گیا تھا۔
[pullquote]وایُو سمندری طوفان سے قبل بھارت میں ہزاروں لوگوں کی منتقلی[/pullquote]
بھارت کی مغربی ریاست گجرات کی ساحلی پٹی سے سمندری طوفان وایُو جمعرات تیرہ جون کو ٹکرائے گا۔ بھارتی محکمہٴ موسمیات کے مطابق اس سمندری طوفان کے ہمراہ ایک سو ستر کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے جھکڑ ہوں گے اور موسلا دھار بارشوں سے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ وایُو سمندری طوفان کی رفتار کیٹگری ایک کے طوفان کی ہے۔ بھارتی ریاست گجرات کی حکومت کے مطابق تین لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ گجرات کے وزیر اعلیٰ وجے روپانی نے فوج اور قومی آفتوں سے نمٹنے والی فورس کی مدد بھی طلب کی ہے۔ ساحلی علاقوں میں خصوصی حفاظتی انتظامات کا سلسلہ جاری ہے۔
[pullquote]اٹلی: مہاجرین کو بچانے والی کشتیوں پر بھاری جرمانے کا قانون منظور[/pullquote]
اطالوی حکومت نے مہاجرین کو بچانے والی غیر سرکاری تنظیموں اور دوسرے اداروں کی کشتیوں پر بھاری جرمانے عائد کرنے کی منظوری دی ہے۔ تارکین وطن کی آمد کے مخالف عوامیت پسند سیاست دان ماتیو سالوینی کی قیادت میں ملکی وزارت داخلہ نے اس حکم نامے کی منظوری منگل گیارہ جون کو دی گئی ہے۔ اس نئے قانون کے تحت روم حکومت ایسی غیر سرکاری امدادی تنظیموں سے 10 ہزار یورو سے لے کر 50 ہزار یورو (ساڑھے گیارہ ہزار سے لے کر ستاون ہزار امریکی ڈالر تک کے برابر) تک جرمانے عائد کر سکے گی، جو کھلے سمندروں سے یورپ آنے کے خواہش مند غیر ملکی تارکین وطن کو بچا کر اطالوی بندرگاہوں تک لائیں گی۔