ہفتہ : 15 جون 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ايران سے توانائی امپورٹ، امريکا کی طرف سے عراق کے ليے استثنیٰ[/pullquote]

امریکی حکومت نے توانائی کے بحران سے دوچار ملک عراق کو پابندیوں کے شکار ہمسایہ ملک ایران سے تیل کی امپورٹ کا ایک اور استثنیٰ دے دیا ہے۔ دوسرے استثنیٰ کی مدت نوے ایام ہے۔ قبل ازیں امریکی حکومت کا ایران سے تیل خریدنے کا مختلف ممالک کو دیا گیا استثنیٰ دو مئی کو ختم ہو گيا تھا۔ امریکا نے عراق کو پہلا استثنیٰ پینتالیس ایام کا دیا اور یہ شدید گرم موسم میں ایران سے بجلی خریدنے سے متعلق ہے۔ عراق کو بجلی کے شدید بحران کا سامنا ہے اور وہاں بیس بیس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔

[pullquote]ترکی قبرصی سمندری حدود میں تیل کی تلاش بند کرے، یورپی مطالبہ[/pullquote]

یورپی یونین کی جنوبی ریاستوں نے مشترکہ طور پر ترکی سے کہا ہے کہ وہ قبرص کی سمندری حدود میں تیل و گیس کی تلاش کے سلسلے کو فوری طور پر بند کر دے۔ ان ریاستوں نے مزید کہا کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو یورپی یونین ترکی کے خلاف مناسب ایکشن لینے کی مجاز ہو گی۔ یورپی یونین کی جنوبی ریاستوں میں فرانس، اٹلی، یونان، پرتگال، اسپین اور مالٹا شامل ہیں۔ ان ریاستوں کے رہنماؤں کا ایک اجلاس مالٹا کے دارالحکومت والیٹا میں جمعہ چودہ جون کی شام میں ختم ہوا۔ اس اجلاس کے اختتام پر جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں ترکی سے قبرصی سمندر میں ڈرلنگ بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

[pullquote]جرمنی میں الیکٹرک اسکوٹر چلانے کی اجازت[/pullquote]

جرمن حکومت نے ای اسکوٹر چلانے کی قانونی اجازت دے دی ہے۔ اِس اجازت کے بعد الیکٹرک اسکوٹر ہفتہ پندرہ جون سے سیفٹی ضوابط کے تحت چلانا ممکن ہے۔ اس کے استعمال کے تمام قواعد و ضوابط جرمنی کی وزارت انصاف نے جمعہ چودہ جون کو جاری کر دیے ہیں۔ ان ضوابط کے مطابق الیکٹرک اسکوٹر چودہ یا اس سے زائد عمر کے افراد کو چلانے کی اجازت ہو گی۔ یہ سائیکلنگ کے مقررہ راستے یا سڑک پر چلایا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب الیکٹرک اسکوٹر کے استعمال کے ساتھ سلامتی کے خدشات بھی ابھرے ہیں اور اس کی وجہ گزشتہ منگل کو پیرس میں ای اسکوٹر سوار کی بس حادثے میں ہلاکت ہے۔

[pullquote]بھارت: ہوٹل کا گٹر کھولتے ہوئے سات افراد ہلاک[/pullquote]

مغربی بھارتی ریاست گجرات کے ایک ہوٹل کے بند گٹر کو کھولنے کی کوشش میں کم از کم سات افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں چار سینیٹری ورکرز تھے جبکہ بقیہ تین ہوٹل کے ملازمین تھے۔ یہ ہوٹل ریاست گجرات کے ضلع ودودارا میں واقع ہے۔ ایک ورکر کے داخل ہونے کے بعد اُس کے واپس نہ آنے پر بقیہ افراد مدد کے لیے یکے بعد دیگرے داخل ہوئے اور زہریلی گیس کے باعث سنبھل نہیں سکے۔ پولیس کے مطابق سبھی ہلاکتیں دم گھٹنے سے ہوئیں ہیں۔ پولیس نے یہ بھی بتایا کہ ان افراد کو بند گٹر میں بغیر احتیاطی تدابير کے داخل کیا گیا تھا۔

[pullquote]عراق میں امریکی ایئر بیس کو مارٹر گولوں کا سامنا[/pullquote]

عراقی صوبے صلاح الدین کے شہر بَلد میں واقع امریکی ایئر بیس پر نامعلوم افراد نے تین مارٹر گولے داغے ہیں۔ ان گولوں کے گرنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ایئر بیس کے اندر گرنے والے گولوں سے وہاں اُگی ہوئی جھاڑیوں میں آگ لگی گئی جسے بعد میں مزید پھیلنے سے قبل ہی بجھا دیا گیا۔ جس وقت یہ گولے داغے گئے، اُس وقت بیس پر عراقی فوج کو تربیت دینے والے امریکی اہلکار موجود تھے۔ ایک اعلیٰ عراقی فوجی افسر نے نام مخفی رکھتے ہوئے بتایا کہ مارٹر گولے جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب رات بارہ بجے کے کچھ ہی دیر بعد پھینکے گئے تھے۔

[pullquote]شورش زدہ تھائی مسلم علاقے میں بڑی عمر کے بدھ جوڑے کا قتل[/pullquote]

تھائی لینڈ کے شورش زدہ مسلم اکثریتی جنوبی علاقے میں بدھ مت کے بزرگ جوڑے کو ان کی گاڑی میں فائر مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ یہ واردات جنوبی تھائی لینڈ کے صوبے ناراتیوات کے ایک ضلع رانگئی میں ہوئی۔ مقتول مرد کی عمر اڑسٹھ برس اور اُس کی بیوی اٹھاون برس کی تھی۔ رانگئی میں کچھ عرصہ قبل تک پولیس کے ساتھ مسلمان باغیوں کی جھڑپیں اور بم دھماکے تواتر سے ہوتے رہے ہیں۔ جنوبی تھائی لینڈ کے مسلم اکثریتی علاقے کے باغیوں کی سرگرمیوں اور پولیس کارروائیوں میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد سات ہزار کے قریب ہے۔

[pullquote]جرمنی: دوسری عالمی جنگ کا بم ناکارہ بنا دیا گیا[/pullquote]

جرمن دارالحکومت برلن میں دوسری عالمی جنگ کے دوران گرائے گئے ايک بم کو ہفتہ پندرہ جون کو بم ڈسپوزل اسکواڈ نے تلف کر دیا ہے۔ اس بم کا وزن ایک سو کلو گرام تھا اور اسے پچھتر برس قبل امریکی فضائی حملے میں گرایا گیا تھا۔ بم برلن کے مرکزی علاقے الیگزانڈر پلاٹس کے قریب واقع ایک بڑے شاپنگ مال کے قریب تین میٹر کی گہرائی سے ملا تھا۔ پولیس نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بم کا ڈیٹونیٹر صحیح حالت میں تھا اور اسے ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔ پولیس نے بم تلف کرنے سے قبل لگائی گئی احتیاطی پابندیوں کو ختم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

[pullquote]ہانگ کانگ: متنازعہ بل پر رائے شماری معطل کر دی گئی[/pullquote]

چین کے خصوصی اختیارات کے حامل انتظامی علاقے ہانگ کانگ کی سٹی حکومت کی خاتون چیف ایگزیکٹو نے اُس قانون سازی کے عمل کو معطل کر دیا ہے، جس کے نفاد کے بعد کسی بھی مشتبہ شخص کو چین کے حوالے کرنا ممکن ہو سکتا تھا۔ چین نواز شہری حکومت کی انتظامی سربراہ کیری لیم نے یہ اعلان ایک پریس کانفرنس میں کیا ہے۔ اس پیش رفت کی وجہ ہانگ کانگ کے شہریوں کا مسلسل پرزور احتجاج اور سٹی اسمبلی میں چین نواز اراکین کی حمایت میں کمی کا واقع ہونا قرار دیا گیا ہے۔ اس بل کی مخالفت میں ایک انتہائی بڑے مظاہرے کی منصوبہ بندی کل اتوار کے روز کی گئی ہے۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ آیا ملین مارچ معمول کے مطابق ہو گا۔ اس قانون سازی کے خلاف ہانگ کانگ میں گزشتہ کئی دنوں سے عوامی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

[pullquote]ٹینکرز پر حملے ایران ہی نے کیے، امریکی صدر[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ تیل کے ٹینکروں پر حملے ایران نے ہی کیے تھے۔ امریکی ٹیلی وژن چینل فوکس نیوز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے تاہم ان حملوں میں ایران کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔ تیل ٹینکرز پر حملوں کے حوالے سے ایک روز قبل امریکی فوج نے ایک ویڈیو جاری کی تھی، جس کے بارے میں کہا گیا کہ ایران کے پاسدارانِ انقلاب کے اہلکار ایک آئل ٹینکر سے نہ پھٹ سکنے والے بارودی مواد کو ہٹا رہے ہیں۔ امریکی فوج کے مطابق یہ کارروائی ایرانی انقلابی دستے نے آبنائے ہرمز کے قریب کی تھی۔ ایرانی حکومت نے اس ویڈیو کو مشکوک اور حملے کے الزام کو مسترد کر دیا ہے۔

[pullquote]ایران کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے، عرب لیگ[/pullquote]

عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورت حال میں ایران کو انتہائی محتاط رہنے کی ضرورت ہے اور اس کا پیچھے ہٹنا بہتر ہو گا۔ ابو الغیط نے ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش کے ساتھ ایک ملاقات کے بعد کیا۔ عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل نے آبنائے ہرمز میں تیل ٹینکروں پر حملوں کے تناظر میں کہا کہ ذمہ داری کا تعین کیا جانا ازحد ضروری ہے اور جلد ہی حقائق سامنے آ جائیں گے۔ عرب لیگ کے سربراہ نے تہران حکومت سے کہا کہ وہ ہر ملک سے تنازعہ نہ کھڑا کرے اور اگر کچھ غلط ہوا تو کوئی بھی محفوظ نہیں رہے گا۔

[pullquote]سعودی عسکری اتحاد کے صنعاء پر فضائی حملے[/pullquote]

سعودی عرب کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد نے یمن کے حوثی ملیشیا کے زیر قبضہ دارالحکومت صنعاء کے مختلف ٹھکانوں پر ہفتے کی صبح حملے کیے ہیں۔ سعودی ٹیلی وژن کے مطابق ان فضائی حملوں میں صنعاء کے قریب واقع یمنی باغیوں کے ٹھکانوں اور ایئر ڈیفنس سسٹم کو بھی ہدف بنایا گیا۔ یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب حوثی ملیشیا نے سعودی علاقوں کو ڈرون حملوں سے نشانہ بنانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ بدھ گیارہ جون کو سعودی عرب کے ابہا ایئر پورٹ پر کیے گئے ڈرون حملے میں چھبیس افراد زخمی ہوئے تھے۔ جمعہ چودہ جون کو بھی سعودی فضائی ڈیفنس نظام نے حوثی ملیشیا کی جانب سے بھیجے گئے پانچ ڈرون مار گرائے تھے۔

[pullquote]تیل کی مارکیٹ میں توازن پیدا ہو جائے گا، سعودی وزیر توانائی[/pullquote]

سعودی عرب کے وزیر توانائی و تیل خالد الفالح نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ آئندہ برس سے پہلے ہی تیل پیدا کرنے والے ممالک کی پروڈکشن سے عالمی منڈی میں توازن پیدا ہو جائے گا۔ انہوں نے یہ بات جاپان کے شہر کاروئزاوا (Karuizawa) میں منعقدہ جی ٹوئنٹی کے توانائی اور ماحولیات کے وزراء کے اجلاس کے حاشیے میں رپورٹرز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ الفالح کے مطابق تیل کی عالمی مارکیٹ میں توازن پیدا کرنے کے سلسلے میں مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری جانب تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک کا ایک اہم پالیسی اجلاس رواں مہینے کے اختتام پر ویانا میں ہو رہا ہے۔ روس بھی اس اجلاس میں شریک ہو گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے