ورلڈکپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کی روایت برقرار، پاکستان 89 رنز سے ہارگیا

مانچسٹر: ورلڈکپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کی روایت برقرار رہی اور پاکستان 89 رنز سے ہارگیا۔

بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنائے، ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے 35 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے تھے کہ بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا۔

بارش کا سلسلہ رکنے کے بعد میچ کو 40 اوورز تک محدود کیا گیا اور پاکستان کو جیت کے لیے 302 رنز کا تبدیل شدہ ہدف ملا تاہم گرین شرٹس 48 رنز کے اضافے سے 212 رنز بناسکے اور بھارت نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 89 رنز سے جیت لیا۔

[pullquote]بھارت کی اننگز[/pullquote]

مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو بھارت کی جانب سے روہت شرما اور کے ایل راہل نے اننگز کا آغاز کیا۔

دونوں بلے بازوں نے ابتدا میں محتاط انداز اپنایا اور 5 اوورز کے بعد کھل کر کھیلا شروع کیا جس کے دوران گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلتے ہوئے پہلی وکٹ پر 136 رنز جوڑے۔

روہت شرما نے 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 34 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی جب کہ کے ایل راہل نے 69 گیندوں پر نصف سنچری بنائی جس میں ایک چھکا اور تین چوکے بھی شامل تھے۔

بھارت کا اسکور 136 تک پہنچا تو کے ویل راہل وہاب ریاض کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 78 گیندوں پر 57 رنز کی اننگز کھیلی۔

دوسری وکٹ پر روہت شرما اور کپتان ویرات کوہلی نے 98 رنز کی پارٹنرشپ بنائی اور شرما 85 گیندوں پر 3 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے اپنے کیرئیر کی 24ویں سنچری بنانے میں کامیاب رہے۔

روہت شرما 140 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے — فوٹو: آئی سی سی
بھارت کا مجموعی اسکور 234 تک پہنچا تو روہت شرما 140 رنز بنا کر حسن علی کا شکار بنے۔

تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ہاردک پانڈیا تھے جو 26 رنز بناکر محمد عامر کی گیند پر بابر اعظم کو کیچ دے بیٹھے جب کہ محمد عامر نے ہی 298 کے مجموعی اسکور پر دھونی کو آؤٹ کیا جو کہ ایک رنز بناسکے۔

47 ویں اوور میں بارش کے باعث میچ روک دیا گیا تھا تاہم دوبارہ میچ شروع ہونے پر بھارتی کپتان ویرات کوہلی 314 کے مجموعی اسکور پر 77 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

بھارتی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنائے، روہت شرما 140، ویرات کوہلی 77 اور آر کے راہول 57 رنز بناکرنمایاں رہے۔

گرین شرٹس کی جانب سے محمد عامر نے 3، وہاب ریاض اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ حسن علی مہنگے ترین بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 9 اوورز میں 84 رنز دیے۔

[pullquote]پاکستان کی اننگز[/pullquote]

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا تاہم اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے۔

صرف 13 کے مجموعی اسکور پر امام الحق 7 رنز بناکر شنکر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

دوسری وکٹ پر فخر زمان اور بابر اعظم نے 100 سے زائد رنز کی شراکت داری قائم کی اور ٹیم کا اسکور 117 تک پہنچادیا تاہم اس موقع پر بابر اعظم 48 رنز بناکر کلدیپ یادیو کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

اس کے بعد 126 کے مجموعی اسکور پر کریز پر سیٹ ہوجانے والے بیٹسمین فخر زمان بھی کلدیپ یادیو کا شکار بن گئے، انہوں نے 75 گیندوں پر 62 رنز بنائے۔

اس کے بعد تجربہ کار بیٹسمین محمد حفیظ کریز پر آئے لیکن 129 کے مجموعی اسکور پر محمد حفیظ 9 رنز بناکر پانڈیا کا شکار بن گئے۔ اس کے بعد شعیب ملک آئے اور بغیر کوئی رن بنائے بولڈ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

عماد وسیم اور کپتان سرفراز احمد نے انڈر پریشر ٹیم کا اسکور آگے بڑھانے کی کوشش کی، کپتان سرفراز احمد اس موقع پر شدید دباؤ میں نظر آئے اور 30 گیندوں پر صرف 12 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

بھارت کے خلاف قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں، شاہین شاہ آفریدی اور آصف علی کی جگہ اسپنر شاداب خان اور عماد وسیم کی ٹیم میں واپسی ہوئی۔

ہر چار سال بعد آنے والے کرکٹ ورلڈ کپ کی جنگ میں اب تک جیت صرف بھارت کی ہوئی ہے، دونوں ٹیمیں اب تک 6 بار آمنے سامنے آئیں اور ہر بار پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ورلڈ کپ میں خراب موسم اور بارش کی وجہ سے اب تک چار میچز بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے شائقین کرکٹ کو مایوسی اور آئی سی سی کو تنقید کا سامنا ہے کہ اس نے میچز کا ریزرو ڈے کیوں نہیں رکھا۔

خیال رہے کہ انگلینڈ میں جاری کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان نے اب تک 4 میچز کھیلے ہیں جس میں اُسے 2 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میں کامیابی حاصل ہوئی اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔

پاکستان ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر 3 پوائنٹس ساتھ 9ویں نمبر پر موجود ہے جبکہ بھارت 5 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے