[pullquote]اسرائیلی حملے ’ریاستی دہشت گردی‘ ہیں، شام[/pullquote]
شام نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل ’ریاستی دہشت گردی‘ کا مرتکب ہو رہا ہے۔ قبل ازیں ایسی خبریں منظر عام پر آئی تھیں کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں پندرہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جن میں عام شہری بھی شامل ہیں۔ شامی حالات پر نگاہ رکھنے والی تنظیم سیرئین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق اتوار کو رات گئے ہونے والے حملوں میں شامی صدر کے حامی چھ جنگجوؤں کے علاوہ چھ عام شہری اور تین بچے بھی ہلاک ہوئے تھے۔ ایک اسرائیلی ترجمان نے ان خبروں پر کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔
[pullquote]ترکی میں ایک سو سے زائد افراد کی گرفتاری کے احکامات[/pullquote]
ترک حکام نے مزید 122مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کے احکامات دیے ہیں۔ استنبول، ازمیر اور قونیا کے دفتر استغاثہ کے مطابق یہ افراد 2016ء کی ناکام فوجی بغاوت میں ملوث تھے۔ ترکی کے سرکاری خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق پولیس نے ان افراد کو گرفتار کرنے کے لیے ازمیر سمیت 17 دیگر صوبوں میں چھاپے مارے ہیں۔ ان 122 افراد میں چالیس حاضر سروس فوجی بھی شامل ہیں جبکہ کچھ کو ماضی میں ہی فوج سے نکال دیا گیا تھا۔ ترکی میں ناکام فوجی بغاوت کو تقریباً تین سال گزر چکے ہیں اور اب تک 77 ہزار سے زائد افراد کو اس سازش میں ملوث ہونے کے الزام میں جیل بھیجا جا چکا ہے۔
[pullquote]نائجر میں مشتبہ عسکریت پسندوں کا حملہ، سولہ فوجی ہلاک[/pullquote]
نائجر کے مغرب میں مشتبہ عسکریت پسندوں کے ایک حملے میں کم از کم سولہ فوجی مارے گئے ہیں۔ مقامی حکام نے اس حملے کی ذمہ داری ہمسایہ ملک مالی کے جہادیوں پر عائد کی ہے۔ یہ حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے، جب چند روز بعد ہی اس ملک میں افریقی یونین کا سربراہی اجلاس ہونے والا ہے۔ نائجر کے مغرب میں کئی جہادی گروپ فعال ہیں۔ یہ علاقہ مالی اور برکینا فاسو کی سرحد سے جڑا ہوا ہے۔
[pullquote]یورپی یونین کے اعلیٰ عہدوں کا تنازعہ، مذاکرات دوبارہ ہوں گے[/pullquote]
یورپی یونین کے سربراہان مملکت و حکومت اس بلاک کے اعلیٰ عہدوں سے متعلق تنازعے کے خاتمے کے لیے آج دوبارہ مذاکرات کریں گے۔ گزشتہ روز یورپی یونین کا سربراہی اجلاس اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ کرنے میں ناکام ہو گیا تھا۔ سب سے پہلے یورپی کمیشن کے سربراہ ژاں کلود ینکر کا متبادل ڈھونڈا جائے گا۔ ان کی جگہ یہ اس عہدے کے مضبوط امیدوار ہالینڈ کے سوشل ڈیموکریٹ سیاستدان ٹمرمانز ہیں لیکن ان کی شدید مخالفت کی جا رہی ہے۔ اسی طرح حالیہ انتخابات کے بعد متعدد اعلیٰ عہدوں پر نئے امیدوار براجمان ہوں گے۔
[pullquote]آل افغان امن کانفرنس کے انعقاد پر اتفاق کر لیا گیا[/pullquote]
آل افغان امن کانفرنس کے انعقاد پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔ یہ کانفرنس سات اور آٹھ جولائی کو قطر میں ہو گی۔ طالبان کی شرائط کے مطابق اس میں کوئی بھی افغان شخصیت سرکاری نمائندگی نہیں کرے گی۔ افغانستان کے لیے جرمنی کے خصوصی نمائندے مارکوس پوٹسل کے مطابق اس کانفرنس میں شرکت کرنے والے تمام افغان ذاتی حیثیت میں شریک ہوں گے۔ اس کانفرنس کا انعقاد قطر اور جرمنی کی کوششوں سے کیا جا رہا ہے۔ قبل ازیں افغانوں کے مابین اس طرح کے مذاکرات کی ایک کوشش شرکاء کی تعداد کی وجہ سے ناکام ہو گئی تھی۔ دوسری جانب امریکا بھی قطر میں طالبان کے ساتھ مذاکرات کا ساتواں دور جاری رکھے ہوئے ہے۔
[pullquote]ایران آگ سے کھیل رہا ہے، ٹرمپ[/pullquote]
ایران کی طرف سے بین الاقوامی جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر امریکا نے ایک مرتبہ پھر تہران حکومت کو خبردار کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق ایران کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ بڑھانے کی پالیسی جاری رکھی جائے گی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران آگ کے ساتھ کھیل رہا ہے۔ قبل ازیں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا تھا کہ انہوں نے کم افزودہ یورنیم کی پیداوار تین سو کلوگرام سے بڑھا دی ہے۔ ایران کو صرف تین سو کلوگرام کم افزودہ یورنیم رکھنے کی اجازت ہے۔ یورپی یونین نے ایران سے جوہری معاہدے کی پاسداری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
[pullquote]امریکا کی طرف سے یورپی یونین پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کی دھمکی[/pullquote]
امریکا نے یورپی یونین کی درآمدی مصنوعات پر کئی ارب کے اضافی ٹیکس عائد کرنے کی دھمکی دی ہے۔ اس حوالے سے امریکی تجارتی نمائندے روبرٹ لائٹزر نے یورپی یونین کی مصنوعات کی تعداد بھی بتائی ہے، جن پر تقریبا چار ارب ڈالر کے اضافی ٹیکس عائد کیے جائیں گے۔ قبل ازیں یورپی یونین نے بھی امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر اس کی طرف سے ایسا کوئی اقدام اٹھایا گیا تو یورپی یونین بھی جوابی کارروائی کرنے پر مجبور ہو جائے گی۔ دوسری جانب امریکا اور چین کے مابین بھی ایسی ہی ایک تجارتی جنگ جاری ہے۔
[pullquote]کابل میں طالبان کے حملے میں چھ افراد ہلاک اور ایک سو سے زائد زخمی[/pullquote]
گزشتہ روز افغان دارالحکومت کابل میں ہونے والے حملے کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد ہلاک جبکہ ایک سو سے زائد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں پچاس سے زائد اسکول کے بچے ہیں۔ اس حملے کی ذمہ داری افغان طالبان نے قبول کی تھی۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اس حملے کو خوفناک قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ان کا طالبان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ عام شہریوں کو نشانہ بنانا بند کریں۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق اس حملے کا نشانہ افغان وزارت دفاع تھی۔ طالبان نے ایک طرف تو امریکا کے ساتھ امن مذاکرات شروع کر رکھے ہیں جبکہ دوسری طرف اپنے حملوں کا سلسلہ بھی تیز کر رکھا ہے۔
[pullquote]ممبئی میں مون سون کی بارشیں، دیوار گرنے سے 15 افراد ہلاک[/pullquote]
بھارتی شہر ممبئی میں مون سون کی بارشوں کے باعث ایک دیوار گرنے سے کم از کم پندرہ افراد ہلاک ہو گئے۔ مقامی حکام کے مطابق دیوار گرنے سے تقریبا ستر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ بیس ملین نفوس پر مشتمل اس شہر میں گزشتہ دو روز سے مسلسل بارش جاری ہے۔ شدید بارشوں کے باعث ممبئی میں نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔ مقامی انتظامیہ نے عام تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے لوگوں سے گھروں پر رہنے کی اپیل کی ہے۔ اسکولوں اور کالجوں کو آج بند رکھا گیا ہے جبکہ ایک سو سے زائد فلائیٹیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
[pullquote]خام تیل کی پیداوار کی حد سے متعلق ’اوپیک پلس‘ کا اجلاس[/pullquote]
خام تیل پیدا کرنے والے بڑے ممالک کے گروپ ’اوپیک پلس‘ کا ایک خصوصی اجلاس آج آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ہو رہا ہے۔ اس اجلاس میں خام تیل کی پیدوار میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ متوقع ہے۔ اس گروپ میں اوپیک تنظیم کے چودہ ممالک کے ساتھ ساتھ دس دیگر تیل پیدا کرنے والے ممالک بھی شامل ہیں۔ ان ممالک نے دسمبر دو ہزار اٹھارہ میں فیصلہ کیا تھا کہ وہ تیل کی پیداوار اکتوبر دو ہزار اٹھارہ کے مقابلے میں یومیہ ایک اعشاریہ دو ملین بیرل کم کریں گے۔ اس فیصلے کا مقصد عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتیں بڑھانا تھا۔ دنیا بھر میں یومیہ تقریبا ننانوے ملین بیرل خام تیل پیدا کیا جاتا ہے جبکہ طلب ایک سو اعشاریہ چار ملین بیرل کی ہے۔