[pullquote]بھارت کی طرف سے کشمیر میں کرفیو میں نرمی کا عندیہ[/pullquote]
بھارتی حکام نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں پانچ روز سے جاری کرفیو والی صورتحال میں آج نماز جمعہ کے موقع پر نرمی کی جائے گی۔ مقامی پولیس سربراہ نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ جمعے کی نماز کے وقت لوگوں کو مساجد تک جانے کی اجازت دی گئی، تاہم انہوں نے کہا کہ علاقے کے باسیوں کو اس موقع پر دوسرے علاقے کی طرف جانے کی اجازت نہیں تھی۔ واضح رہے کہ پیر کے روز سے بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں کرفیو نافذ ہے جب کہ مواصلاتی رابطے منقطع ہیں۔ پیر کو بھارتی حکومت نے کشمیر کے خصوصی دستوری حیثیت ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
[pullquote]ترکی میں اسلحے کے گودام میں دھماکے[/pullquote]
ترکی میں شام کی سرحد کے قریب واقع صوبے ہاتے میں ہتھیاروں کے ایک گودام میں پے در پے دھماکے ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق صوبے کے ریحانلی نامی قصبے میں یہ دھماکے جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب ساڑھے تین بجے ہوئے۔ ترک میڈیا کے مطابق دھماکوں کے بعد گودام کے قریبی مکانات کو خالی کرا لیا گیا۔ فی الحال ان دھماکوں کے اسباب سامنے نہیں آئے ہیں اور نہ کسی جانی نقصان کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
[pullquote]چین میں سمندری طوفان کا ’ریڈ الرٹ‘[/pullquote]
چین کےصوبے زہجیانگ کے ساحلی علاقوں میں شدید بارش اور تیز ہواؤں کا انتباہ جاری کر دیا گیا ہے۔ چین کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ٹائی فون ’لکیما‘ کے باعث زہجیانگ اور شنگھائی سمیت آس پاس کے دیگر صوبوں میں تیز بارشیں ہوں گی اور جھکڑ چلیں گے۔ اس طوفان کی وجہ سے تائیوان میں بھی شدید بارشوں کے امکانات ہیں۔ توقع ہے کہ یہ سمندری طوفان ہفتے کی صبح زہجیانگ کے ساحلی علاقے سے ٹکرائے گا۔ چینی حکام نے تمام اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر احتیاطی تدابیر لینے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
[pullquote]بارشوں اور سیلابوں می وجہ سے جنوبی بھارت کا میں اہم ہوائی اڈا بند[/pullquote]
جنوبی بھارتی ریاست کیرالا میں کوچی شہر کا بین الاقوامی ہوائی اڈا سیلاب کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے۔ جنوبی بھارت میں مون سون کی بارشوں کی وجہ سے اب تک کیرالا ریاست کے نو اضلاع میں بیس سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان بارشوں کی وجہ سے متخلف مقامات پر مٹی کے تودے بھی گرے ہیں۔ مقامی عہدیداروں کے مطابق شدید بارشوں اور سیلابی صورت حال کی وجہ سے 23 ہزار سے زائد افراد کو نشیبی علاقوں سے نکال کر مختلف ہنگامی کیمپوں میں پہنچایا گیا ہے۔
[pullquote]امریکا امن معاہدے سے متعلق شکوک و شبہات پیدا کر رہا ہے، طالبان کا الزام[/pullquote]
طالبان رہنما ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ کی جانب سے امریکا پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ امن معاہدے سے متعلق شکوک و شبہات پیدا کر رہا ہے۔ جمعرات کے روز اپنے ایک پیغام میں طالبان سربراہ نے کہا کہ افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا اور امریکا کے ساتھ متوقع امن ڈیل کے حوالے سے غیریقینی کی صورت حال پیدا کی جا رہی ہے۔ اپنے پیغام میں اخوندزادہ نے اعتماد کی ضرورت پر زور دیا، تاہم بدھ کے روز کابل کے مغربی حصے میں ہونے والے خودکش کار بم حملے سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔ اس واقعے میں 14 افراد ہلاک اور 145 زخمی ہو گئے تھے۔
[pullquote]عالمی ادارہ برائے خوراک نے یمن میں امدادی سرگرمیاں شروع[/pullquote]
عالمی ادارہ برائے خوراک نے بتایا ہے کہ یمنی دارالحکومت صنعا میں امدادی سرگرمیاں دو ماہ کے تعطل کے بعد دوبارہ شروع کی جا رہی ہیں۔ جمعے کے روز عالمی ادارے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگلے ہفتے صنعا میں آٹھ لاکھ پچاس ہزار افراد تک امدادی اشیاء کی ترسیل کی جائے گی۔ 20 جون کو اقوام متحدہ کے ادارے ورلڈ فوڈ پروگرام نے خوراک کے مستحق افراد تک نہ پہنچنے کے خدشات کے تناظر میں اپنی سرگرمیوں کو محدود کر دیا تھا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اب خوراک تقسیم کرتے ہوئے بائیومیٹرک نظام کی مدد لی جائے گی۔
[pullquote]امریکا مظاہروں کے نقشے شائع کر کے روسی کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر رہا ہے،ماسکو[/pullquote]
ماسکو حکومت نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا روس میں ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں کے نقشے سوشل میڈیا پر جاری کر کے اس کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر رہا ہے۔ روسی حکومت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مظاہروں کے راستوں سے متعلق نقشے اور تصاویر جاری کرنے میں ماسکو میں قائم امریکی سفارت خانہ پیش پیش ہے۔ واضح رہے کہ ماسکو میں قائم امریکی سفارت خانے کے تین اگست کو ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں ماسکو میں مظاہروں کی تصاویر لگائی تھی۔ روسی بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا ان مظاہروں کو بڑھوتی دینے کی کوشش کر رہا ہے۔
[pullquote]یمن میں علیحدگی پسندوں اور حکومتی فورسز کے درمیان جھڑپیں[/pullquote]
جنوبی یمن کی علیحدگی کے لیے برسرپیکار باغیوں اور سرکاری فورسز کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔ یہ جھڑپیں جمعرات کو بندرگاہی شہر عدن میں ہوئیں، جس کے نتیجے میں کم از کم ایک شہری ہلاک ہو گیا۔ جنوبی یمن میں باغی ایک طویل عرصے سے علیحدگی کی تحریک میں مصروف ہیں۔ ان جھڑپوں سے یمن میں تشدد کے ایک نئے سلسلے کے آغاز کے خطرات پیدا ہو گئے ہیں۔ یمن سن 2015 سے ایران نواز حوثی باغیوں اور سعودی حمایت یافتہ صدر منصور ہادی کے درمیان جنگ کا شکار ہے۔
[pullquote]امریکا میں ایک اور سینئر انٹیلیجنس اہلکار مستعفی[/pullquote]
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکی نیشنل انٹیلیجنس کی ڈپٹی ڈائریکٹر سو گورڈن اپنے عہدے سے سبکدوش ہو رہی ہے۔ سو گورڈن پچیس سال امریکی سی آئی اے کی اہلکار رہنے کے بعد نیشنل انٹیلیجنس کی ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز ہوئی تھیں۔ حال ہی میں نیشنل انٹیلیجنس کے ڈاریکٹر ڈین کوٹز کے مستعفی ہونے کے فیصلے کے بعد وہ اس عہدے پر ترقی پانے کے لیے سب سے سینئر اور موزوں شخصیت تصور کی جا رہی تھیں۔ لیکن تازہ اعلان کے مطابق اب دونوں ایک ہی دن اپنے اپنے عہدوں سے الگ ہو جائیں گے۔ صدر ٹرمپ نے فوری طور پر عبوری انٹیلیجنس ڈائریکٹر کے عہدے کے لیے امریکی بحریہ کے سابق وائس ایڈمرل جوزیف میگوائر کے نام کا اعلان کیا ہے۔
[pullquote]اٹلی میں نیا سیاسی بحران، قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ[/pullquote]
اٹلی کے وزیرداخلہ ماتیو سالوینی کی جانب سے قبل از وقت انتخابات کے مطالبے کے بعد اٹلی میں سیاسی بحران جنم لے رہا ہے۔ ماتیو سالوینی اور ان کی دائیں بازو کی جماعت دا لیگ کا کہنا ہے کہ پالیسی پر اختلافات کی وجہ سے ان کا حکومتی جماعت فائیو اسٹار پارٹی سے اتحاد ٹوٹ گیا ہے۔ اس اعلان کے بعد وزیراعظم گیوسپے کونتے آج پارلیمان میں اعتماد کے ووٹ کا سامنا کریں گے۔ ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد ماتیو سالیوینی کی جانب سے پیش کی گئی ہے۔ وزیراعظم کونتے نے سالیوینی کے اس قدم کو حکومتی اقدامات میں غیرضروری خلل ڈالنے سے تعبیر کیا۔
[pullquote]امریکا اور چین کی تجارتی جنگ کے اثرات، جاپانی معیشت سست[/pullquote]
جاپان میں اپریل سے جون کی سہ ماہی میں معاشی شرح نمو سست روی کا شکار رہی ہے۔ جاپانی حکومت کے ایک بیان کے مطابق رواں برس کی پہلی سہہ ماہی میں جاپان کی اقتصادی شرح نمو دو اعشاریہ اٹھ فیصد تھی، جو دوسری سہہ ماہی میں کم ہو کر ایک اعشاریہ اٹھ فیصد تک پہنچ گئی۔ یہ رپورٹ جاپان کے کابینہ دفتر کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔ مبصرین کے مطابق امریکا اور چین کے درمیان تجارتی جنگ کے اثرات اب جاپان جیسے ملکوں پر بھی دیکھے جا رہے ہیں۔
[pullquote]ترکی میں زلزلہ، بیس افراد زخمی[/pullquote]
ترکی کے مغربی حصے میں جمعرات کے روز زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ترکی کے قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے نے ڈینزلی صوبے میں آنے والے اس زلزلے کی شدت ابتدائی طور پر چھ اعشاریہ دو بتائی تھی۔ دوسری جانب اسنتبول کے قندیلی زلزلہ سینٹر نے بتایا کہ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ سات تھی۔ بتایا گیا ہے کہ اس زلزلے کے نتیجے میں کم از کم بیس افراد زخمی ہو گئے۔