منگل : 03 اگست 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]برطانیہ کے بریگزٹ وزیر کا یورپی یونین پر عدم تعاون کا الزام[/pullquote]

بریگزٹ امور کے برطانوی وزیر اسٹیفن بارکلے نے اپنے ایک اخباری انٹرویو میں یورپی یونین پر عدم تعاون کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ برسلز میں یورپی حکام لندن حکومت کے ساتھ کسی مصالحتی حل کے لیے زیادہ رضا مندی کا مظاہرہ نہیں کر رہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کا ’بیک سٹاپ‘ پر اصرار خود یونین کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ بیک سٹاپ سے مراد جمہوریہ آئرلینڈ اور برطانیہ کے صوبے شمالی آئرلینڈ کی درمیانی سرحد ہے، جو آئندہ یونین کی بیرونی سرحد بن جائے گی۔ بارکلے نے کہا کہ اگر اکتیس اکتوبر کو برطانیہ بغیر کسی ڈیل کے یونین سے نکلا، تو یونین کی خواہشات کے برعکس مطابق آئرلینڈ اور شمالی آئرلینڈ کے درمیان بین الاقوامی سرحد پر نگرانی کا عمل دربارہ شروع نہ کرنے سے متعلق اتفاق رائے پر عمل درآمد تقریباﹰ ناممکن ہو جائے گا۔

[pullquote]ہالینڈ کا کرپٹو کرنسیوں کا کاروبار کرنے والے اداروں کی ریگولیشن کا فیصلہ[/pullquote]

ہالینڈ کے مرکزی بینک نے اعلان کیا ہے کہ وہ اگلے برس دس جنوری سے ملک میں کرپٹو کرنسیوں کا کاروبار کرنے والے اداروں کی ریگولیشن شروع کر دے گا۔ بینک کے ایک فیصلے کے تحت آئندہ ایسی کمپنیوں کو اپنا کاروبار جاری رکھنے کے لیے خود کو رجسٹر کرانا ہو گا۔ منگل کے روز اس بینک کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ ایسی تمام ڈچ کمپنیوں کی ڈچ سینٹرل بینک کے پاس رجسٹریشن لازمی ہو گی، جو کرپٹو کرنسیوں اور عام کرنسی کے تبادلے کا کاروبار کرتی ہیں۔

[pullquote]کولون اور ہینوور سے ملنے والے دوسری عالمی جنگ کے زمانے کے دو بم ناکارہ بنا دیے گئے[/pullquote]

جرمن حکام نے بتایا ہے کہ شمالی جرمن شہر ہینوور اور مغربی جرمن شہر کولون سے ملنے والے دوسری عالمی جنگ کے زمانے کے دو بم ناکارہ بنا دیے گئے ہیں۔ ہینوور میں ایسا ایک بم ملنے کے بعد گزشتہ رات ہی ایمرجنسی سروسز نے صوبے لوئر سیکسنی کے دارالحکومت سے تقریباﹰ سولہ ہزار شہریوں کو حفاظتی طور پر ان کے گھروں سے نکال لیا تھا۔ اس کے بعد آج منگل کی صبح ماہرین نے یہ بم ناکارہ بنا دیا۔ اس سے قبل پیر کی شام کولون شہر سے ملنے والا ایسا ہی ایک اور بم بھی ناکارہ بنا دیا گیا تھا۔ اس کے لیے حکام کو پہلے تقریباﹰ پانچ ہزار شہریوں کو احتیاطی طور پر ان کے گھروں سے محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا۔

[pullquote]کیلیفورنیا کے قریب ڈائیونگ بوٹ میں آتش زدگی، کم از کم بیس افراد لاپتہ[/pullquote]

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے قریب ایک ڈائیونگ بوٹ میں اچانک لگنے والی آگ کے بعد کم از کم بیس افراد لاپتہ ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔ امریکی کوسٹ گارڈز کے مطابق وہ اس کشتی کے عملے کے پانچ ارکان کو بچانے میں کامیاب ہو گئے۔ سکُوبا ڈائیونگ کے لیے استعمال ہونے والی اس کشتی پر آگ پیر کی صبح لگی تھی اور اس واقعے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس بیس میٹر طویل کمرشل بوٹ پر سوار غوطہ خور مہمان ایک تین روزہ ڈائیونگ مہم پر تھے۔ یہ کشتی سانتا کروز نامی جزیرے سے تقریباﹰ بیس میٹر دور سمندر میں لنگر انداز تھی۔

[pullquote]جرمنی میں براڈکاسٹ ٹاور پر کام کرنے والے تین کارکن ہلاک[/pullquote]

جرمن صوبے ہیسے میں ایک براڈکاسٹ ٹاور کی مرمت اور دیکھ بھال کے لیے مصروف عمل تین کارکن اس وقت ہلاک ہو گئے جب ان کا وہ پلیٹ فارم ٹوٹ کر گر گیا، جس پر وہ کھڑے ہوئے تھے۔ یہ حادثہ وسطی جرمن صوبے ہیسے میں منگل کو ایک پہاڑی علاقے میں پیش آیا۔ حادثے کے وقت اس پلیٹ فارم پر صرف یہ تینوں کارکن ہی کام کر رہے تھے کہ وہ اچانک ٹوٹ کر پچاس میٹر نیچے زمین پر جا گرا۔

[pullquote]کابل میں طالبان کا خود کش حملہ: سولہ شہری ہلاک، سو سے زائد زخمی[/pullquote]

افغان دارالحکومت کابل میں طالبان کے ایک خود کش بم حملے میں ہلاکتوں کی تعداد آج منگل کی صبح تک کم از کم سولہ ہو گئی۔ تمام ہلاک شدگان عام شہری تھے۔ پیر کو رات گئے کیے گئے اس حملے میں ایک سو بیس کے قریب افراد زخمی بھی ہوئے۔ اس حملے کے بعد بہت سے مشتعل شہری دیوار پھلانگ کر اس بین الاقوامی کمپاؤنڈ میں داخل ہو گئے، جہاں اکثر خونریز حملے دیکھنے میں آتے ہیں۔ مشتعل شہریوں نے اس کمپاؤنڈ کے ایک حصے کو آگ بھی لگا دی۔ کابل کے ’گرین ولیج‘ نامی اس کمپاؤنڈ میں کئی بین الاقوامی تنظیموں کے دفاتر اور متعدد گیسٹ ہاؤس بھی ہیں۔ افغان وزارت داخلہ کے ایک ترجمان کے مطابق اس بم حملے کے بعد ’گرین ولیج‘ میں موجود چار سو کے قریب غیر ملکیوں کو وہاں سے بحفاظت نکال لیا گیا۔

[pullquote]جزائر بہاماس پر ڈوریان نامی طوفان کی تباہ کاریاں، ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہو گئی[/pullquote]

بہت طاقت ور سمندری طوفان ’ڈوریان‘ کی تباہ کاریوں کے نتیجے میں جزائر بہاماس پر ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر کم از کم پانچ ہو گئی ہے۔ کیوبا اور امریکی ریاست فلوریڈا کے درمیان واقع جزائر بہاماس کے حکومتی سربراہ ہُوبرٹ مِنِّس کے مطابق کم از کم بیس افراد زخمی بھی ہوئے۔ اس سے قبل اس سمندری طوفان کے ساتھ آنے والے جھکڑوں کی رفتار تین سو کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی تھی۔ بہاماس کے بعد ’ڈوریان‘ اب امریکی ریاست فلوریڈا کی طرف بڑھے گا تاہم اس کے راستے کا ابھی تک کوئی حتمی اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔ امریکا کے نیشنل ہَری کین سینٹر کے مطابق یہ سمندری طوفان زیادہ سے زیادہ بھی بدھ کے روز تک فلوریڈا کے ساحلوں تک پہنچ جائے گا۔

[pullquote]یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے سبھی جرمن کھلاڑی باہر ہو گئے[/pullquote]

امریکا میں جاری یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں اب کوئی بھی جرمن کھلاڑی باقی نہیں بچا۔ آلیگزانڈر سویریف اور یُولیا گؤرگیس دونوں ہی کوارٹر فائنل میں پہنچنے میں ناکام رہے۔ سویریف پہلی بار نیو یارک میں اس ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل میں پہنچے تھے لیکن ارجنٹائن کے کھلاڑی ڈیگو شوارٹس مین سے ہار گئے۔ اسی طرح خاتون جرمن کھلاڑی یُولیا گؤرگیس بھی کروشیا سے تعلق رکھنے والی اپنی حریف ڈونا وےکِچ کے ہاتھوں شکست کھا گئیں۔

[pullquote]ترک عدالت کا کرد نواز سیاستدان دیمیرتاس کی رہائی کا حکم[/pullquote]

ترک دارالحکومت انقرہ کی ایک عدالت نے حکم دیا ہے کہ جیل میں قید کرد نواز سیاستدان صلاح الدین دیمیریتاس کو رہا کر دیا جائے۔ تاہم دیمیرتاس کے وکیل نے بتایا کہ اس سیاستدان کو فی الحال اس لیے ابھی جیل میں ہی رہنا ہو گا کیونکہ انہیں ایک دوسرے مقدمے میں سزائے قید سنائی جا چکی ہے۔ یہ ترک سیاستدان دو ہزار سولہ سے تفتیشی حراست میں ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ وہ ایک دہشت گرد تنظیم کے سربراہ بھی تھے اور دہشت گردی کے حق میں پروپیگنڈا کرتے تھے۔ وہ فروری دو ہزار اٹھارہ تک ترکی میں اپوزیشن کی کرد نواز سیاسی جماعت ایچ ڈی پی کے سربراہ تھے۔ ترک صدر ایردوآن ایچ ڈی پی کو کردوں کی ممنوعہ جماعت کردستان ورکرز پارٹی ہی کا سیاسی بازو قرار دیتے ہیں۔

[pullquote]تیل اور گیس کے بھارتی پلانٹ میں آگ لگنے سے چار افراد مارے گئے[/pullquote]

بھارت میں سرکاری انتظام میں کام کرنے والے تیل اور گیس کے ایک پلانٹ میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں کم از کم چار افراد مارے گئے۔ تیل اور قدرتی گیس کے بھارتی کمیشن کے مطابق آج منگل کو لگنے والی اس آگ پر دو گھنٹے کی کوششوں کے بعد قابو پا لیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس آتش زدگی کے نتیجے میں بیس سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔ یہ آگ مغربی بھارت میں ملک کے تجارتی مرکز ممبئی کے قریب ’نوی ممبئی‘ نامی علاقے کے ایک آئل اینڈ گیس پلانٹ میں لگی۔

[pullquote]زر مبادلہ کی خریداری محدود کرنے کے بعد ارجنٹائن میں سٹاک مارکیٹ میں واضح بہتری[/pullquote]

ارجنٹائن میں ملکی مرکزی بینک کی طرف سے زر مبادلہ کی خریداری محدود کر دیے جانے کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں واضح بہتری دیکھی گئی۔ پیر کے روز بازار حصص میں کاروبار سٹاک انڈکس میں تقریباﹰ ساڑھے چھ فیصد بہتری کے ساتھ ختم ہوا۔ اس کے علاوہ ملکی کرنسی پیسو کی امریکی ڈالر کے مقابلے میں قدر میں بھی تقریباﹰ ایک فیصد اضافہ ہوا۔ ارجنٹائن کو اس وقت قرضوں کے بحران کا سامنا ہے اور گزشتہ تین ہفتوں میں پیسو کی امریکی ڈالر کے مقابلے میں قدر میں بیس فیصد سے زائد کی کمی ہو گئی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے